• news

انتخابات ملتوی کرنے کی ہر سازش ناکام بنا دینگے: فضل الرحمن

 اسلام آباد (اے این این)جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانافضل الرحمن نے کہاہے کہ کالا باغ ڈیم کے تکنیکی مسئلے کو سیاسی بنا دیا گیا ہے،لاہور ہائی کورٹ کا فیصلہ قابل عمل نہیں،جماعت اسلامی کو ایم ایم اے میں شامل کرنے سے متعلق جنوری کے اجلاس میں ہو گا، ایم ایم اے کے علاوہ کسی الائنس کو مذہبی جماعتوں کا اتحاد نہیں مانتے، جے یو آئی دوہری شہریت کے بل کی مخالف کرے گی، حکومت نے نگران سیٹ اپ اور احتساب بل کے حوالے سے کوئی رابطہ نہیں کیا، آئندہ انتخابات کو التواءکا شکار نہیں ہونے دینگے، بلوچستان حکومت سے متعلق سپریم کورٹ کا فیصلہ غیرجمہوری ہے، عوام کے پاس ججوں نے نہیں سیاستدانوں نے جانا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے مجلس عاملہ کے اجلاس کے بعد اپنی رہائش گاہ پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جمعیت علمائے اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ مجلس عاملہ کے اجلاس میں ملکی مجموعی صورتحال خصوصاً امن وامان کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیاگیا جبکہ عام انتخابات کے حوالے سے بھی حکمت عملی ترتیب دی گئی جبکہ اسی حوالے سے جنرل کونسل کا آئندہ اجلاس 23,24 فروری کو لاہور میں طلب کرلیا ہے۔ انہوںنے کہاکہ عام انتخابات کو التواءکا شکار نہیں ہونے دینگے اور ایسی اطلاعات مل رہی ہےں کہ امن وامان کی صورتحال کو جواز بنا کر انتخابات تاخیر کا شکار کئے جائیں۔ ہم ایسی ہر سازش کو ناکام بنادینگے اور ایسے کسی بھی فیصلے کو قبول نہیں کرینگے۔ انہوںنے کہاکہ حکومت کی طرف سے دہری شہریت بل بارے رابطہ کیاگیا مگر ہم نے فیصلہ کیاہے کہ دہری شہریت پر کسی بھی قسم کا حکومت سے تعاون نہیں کیا جائےگا اور اس کی مخالفت کرینگے۔ انہوںنے کہاکہ دہری شہریت بل پر عدالتی فیصلہ درست ہے۔ انہوںنے کہاکہ احتساب بل کے حوالے سے حکومت نے کوئی رابطہ نہیں کیااور نہ ہی ابھی تک بارے کوئی فیصلہ کیا گیا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں جمعیت علمائے اسلام ف کے سربراہ نے کہاکہ جماعت اسلامی کو منانے کےلئے اعلیٰ سطحی وفد سمیت دیگر عوامل پر غور سربراہی اجلاس میں ہی کیا جائےگا۔ 

ای پیپر-دی نیشن