نواز شریف ٹریفک جام میں پھنس گئے، وارڈنز نے ون وے ماڈل ٹاﺅن پہنچا دیا
لاہور(خصوصی رپورٹر) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سربراہ محمد نواز شریف کی گاڑی فیروز پورروڈ پر ٹریفک جام میں پھنس گئی‘ ساتھ موجود سکیورٹی اہلکاروں میں کھلبلی مچ گئی ،ٹریفک وارڈنز نے نواز شریف کے سکواڈ کو ون وے ماڈل ٹاﺅن سیکرٹریٹ پہنچایا۔ بتایا گیا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کے سربراہ محمد نواز شریف گزشتہ روز ڈیفنس سے پارٹی کے مرکزی رہنما و رکن قومی اسمبلی خواجہ محمد آصف کی رہائش گاہ سے ماڈل ٹاﺅن آنے کیلئے غازی روڈ سے نکلے تاہم تھوڑا آگے آکر انکی گاڑی اور سکواڈ ٹریفک جام میں پھنس گیا۔ بتایا گیا ہے کہ نواز شریف کی حفاظت اور پروٹوکول کےلئے روٹ بھی لگا ہوا تھا جبکہ سکواڈ بھی انکے ہمرا تھا۔ ٹریفک جام کیوجہ سے ساتھ موجود سکیورٹی اہلکاروں میں کھلبلی مچ گئی اور اہلکاروںنے گاڑیوں سے نیچے اتر کر نواز شریف کی گاڑی کو گھیرے میں لے لیا جبکہ کچھ اہلکار وںنے ٹریفک کھلوانے کے لئے دوڑیں لگوا دیں تاہم وائرلیس ہونے پر ٹریفک وارڈنز متحرک ہو گئے اور نواز شریف کے سکواڈ کو ون وے ماڈل ٹاﺅن مرکزی سیکرٹریٹ پہنچایا گیا۔