• news

زرداری مشرف سے کالاباغ ڈیم کی حمایت کی ڈیل پر جیل سے نکلے تھے: ارباب رحیم

حیدرآباد (نامہ نگار) مسلم لیگ ہم خیال کے مرکزی صدر اور سابق وزیراعلیٰ ارباب غلام رحیم نے کہا ہے کہ کالا باغ ڈیم سندھ کے عوام کی رضا مندی کے علاوہ کبھی بھی بننے نہیں دیا جائے گا۔ میں نے وزیراعلیٰ کی کرسی کو داﺅ پر لگاتے ہوئے اسمبلی کے فلور پر کالا باغ ڈیم کے خلاف اپنا واضح موقف پیش کیا تھا جو اسمبلی کے ریکارڈ میں اب بھی موجود ہے۔ آصف زرداری بھی جنرل مشرف سے ڈیل کرکے جیل سے باہر نکلے تھے اور ان کی طرف سے کالا باغ ڈیم کی حمایت کرنا بھی اس ڈیل کا حصہ تھا جو جنرل مشرف نے مجھے اس وقت خود بتایا تھا اور اس نے مجھے کہا تھا کہ جب آصف زرداری اور پیپلز پارٹی کالا باغ ڈیم کی حمایت کررہے ہیں تو آپ اس کی مخالفت کیوں کررہے ہو۔ میں وزیراعلیٰ کی حیثیت میں کسی بھی صورت میں کالا باغ ڈیم کو قبول نہیں کرونگا۔ انہوں نے کہا کہ جب میاں محمد نواز شریف بھی کالا باغ ڈیم پر اپنا واضح موقف دے چکے ہیں کہ کالا باغ ڈیم چاروں صوبوں کی رضا مندی کے بغیر نہیں بن سکتا تو آخر کار کالا باغ ڈیم بنانے کی کس کو جلدی ہے مجھے لگ رہا ہے کہ کالا باغ ڈیم بنانے کا شوق ہمیشہ کی طرح پیپلز پارٹی کے ساتھ بیٹھے ہوئے چوہدری برادران پیپلز پارٹی اور راجہ ریاض کا ہوگا۔

ای پیپر-دی نیشن