• news

رواں ماہ 14اشیا مہنگی ہوئیں، روٹی کا حصول مشکل ہو گیا: ادارہ شماریات

اسلام آباد/ لاہور (اے پی اے/ کامرس رپورٹر) وفاقی ادارہ شماریات کے مطابق رواں ماہ کے پہلے ہفتے میں 14اشیاءضروریہ کی قیمتوں میں مزید اضافہ ہوا اور غریب کےلئے دو وقت کی روٹی کاحصول مشکل ہوگیا۔ افراط زر کے حوالے سے جاری اعداد وشمار کے مطابق دسمبرکے پہلے ہفتے کے دوران جن 14اشیاءضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ دیکھنے میں آیا۔ان میں ایل پی جی کی قیمت بڑھی۔ اس کے علاوہ چکن، مرغی کے انڈے، چائے، گندم، آٹا، انرجی سیور، جلانے کی لکڑی، دال مسور، مٹی کا تیل، تیل سرسوں اور دال ماش کی قیمتیں بڑھی ہیں ۔ 13کی قیمتوں میں کمی اور26کی قیمتیں مستحکم رہیں۔ وفاقی ادارہ شماریات کے مطابق گزشتہ سال کے اسی عرصے کی نسبت احساس اشاریوں کی نسبت7.13 فیصد اضافہ ہوا جس سے نچلا اور متوسط طبقہ متاثرہوا ہے ۔اس دوران 8 ہزار روپے ماہانہ آمدن والے طبقے کے لئے مہنگائی میں7.96 فیصد،12ہزار روپے آمدنی والے طبقے کے لئے 10فیصد، 18ہزار طبقے کے لئے 10فیصد، 35ہزار روپے آمدنی والے طبقے کے لئے 6.15 فیصد اور اس سے زیادہ آمدنی والے طبقے کے لئے 4.15فیصد اضافہ ریکارڈ ہوا ۔ ادارہ شماریات کے مطابق افراط زر میں حالیہ اضافہ گزشتہ دس ہفتوں کے مقابلے میں سب سے زیادہ ہے جس کا بوجھ عام آدمی پر سب سے زیادہ پڑا ہے۔کامرس رپورٹر کے مطابق لاہور میں گذشتہ ہفتے پرچون سطح پر 14سبزیوں، 4 پھلوں، برائلر مرغی کے گوشت اور فارمی انڈوں کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے۔ سرکاری اعداد و شمارکے مطابق سبزیوں میں ایک کلو آلو سٹور کی قیمت 2 روپے اضافے سے 16روپے، لہسن چائنہ 5 روپے اضافے سے 114روپے، ادرک تھائی لینڈ ایک روپے اضافے سے 45 روپے، پالک 2 روپے اضافے سے 12روپے، بیگن 16روپے اضافے سے 34روپے، کھیرا 11روپے اضافے سے 49روپے، پھول گوبھی ایک روپے اضافے سے 29روپے، سبز مرچ 5روپے اضافے سے 29روپے، لیموں 5روپے اضافے سے 29روپے، مولی ایک روپے اضافے سے 8روپے، میتھی 11روپے اضافے سے 32روپے، مونگرے 5روپے اضافے سے 34روپے، پھلوں میں ایک کلو انار بدانہ 10روپے اضافے سے 174روپے، انگور چائنہ 30روپے اضافے سے 134روپے، ناشپاتی 32روپے اضافے سے 114روپے اور کینو درجن کی قیمت 2روپے اضافے سے 34روپے ہو گئی۔ ایک کلو برائلر مرغی کے گوشت کی قیمت میں 19روپے اضافہ ہوا جبکہ ایک درجن فارمی انڈوں کی قیمت میں 5روپے اضافہ ہوا۔

ای پیپر-دی نیشن