لاہور لائنز نے فیصل آباد وولفز کو 33 رنز سے شکست دیکر قومی ٹی 20 ٹورنامنٹ جیت لیا
لاہور (سپورٹس رپورٹر) لاہورلائنز کرکٹ ٹیم نے فیصل آباد ولفز کو 33 رنز سے شکست دیکر دوسری مرتبہ ڈومیسٹک ٹی ٹونٹی ٹورنامنٹ جیت لیا۔ قذافی سٹیڈیم لاہور میں فائنل کے دوران لاہور لائنز نے پہلے کھیلتے ہوئے 7 وکٹوں پر 154 رنز بنائے جواب میں فیصل آباد کی ٹیم 7 وکٹوں پر 121 رنز بنا سکی۔ قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلے جانے والے فائنل میچ میں لاہور لائنز کی ٹیم نے۔ ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ احمد شہزاد اور ناصر جمشید نے دھواں دھار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4.1 اوورز میں سکور کو 44 تک پہنچا دیا اس موقع پر احمد شہزاد اسد علی کو بڑی شاٹ کھیلنے کی کوشش میں 29 کے انفرادی سکور پر کیچ آوٹ ہو گئے۔ لاہور کی دوسری وکٹ 95 کے ٹوٹل پر ناصر جمشید کی گری انہوں نے 42 رنز بنائے۔ محمد حفیظ آوٹ ہونے والے تیسرے کھلاڑی تھے جنہوں نے 22 گیندوں پر ایک چوکے اور ایک چھکے کی مدد سے 22 سست رنز بنائے۔ 138 کے ٹوٹل پر اکمل برادران بھی بڑی شاٹس کھیلنے کی کوشش میں پویلین لوٹ گئے۔ عمر اکمل نے 20 جبکہ کامران اکمل نے 18 رنز بنائے۔ سیالکوٹ کے خلاف لاہور ٹیم کو کامیابی دلانے والے آل راونڈر عبدالرزاق فیصل آباد کے خلاف عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرنے میں ناکام رہے۔ وہ صرف 8 رنز بنا کر آوٹ ہو گئے۔ لاہور کی ساتویںوکٹ وہاب ریاض کی گری انہوں نے 4 رنز بنائے۔ مقررہ 20 اوورز کے خاتمے پر لاہور لائنز کی ٹیم 7 وکٹوں پر 154 رنز بنا نے میں کامیاب ہوئی۔ فیصل آباد کی جانب سے احسان عادل نے تین ،اسد علی نے دو کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔ 155 رنز ہدف کے تعاقب میں فیصل آباد کی پہلی وکٹ 11 کے سکور پر گری جب فرخ شہزاد ایک کے انفرادی سکور پر عبدالرزاق کا شکار ہو گئے۔ 30 کے ٹوٹل پر آصف علی رن آوٹ ہو گئے۔ فیصل آباد کی تیسری، چوتھی اور پانچویں وکٹ لاہور کے کپتان محمد حفیظ کے حصے میں آئیں۔ علی وقاص 25 اور خرم شہزاد 1 اور جہانداد 13 کے انفرادی سکور پر آوٹ ہوئے۔ 68 کے ٹوٹل پر فیصل آباد کی چھٹی وکٹ محمد سلمان کی گری انہیں ضیاءالحق نے آوٹ کیا۔ فیصل آباد کمی ساتویں وکٹ عمران خالد کی گری جو صرف 5 رنز بنانے کے بعد محمد حفیظ کا شکار ہو گئے۔ فیصل آباد ولفز کے کپتان مصباح الحق 37 کے انفرادی سکور پر بڑی شاٹ کھیلنے کی کوشش میں حفیظ کے ہاتھوں کیچ آوٹ ہو گئے۔ فیصل آباد کی ٹیم مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں پر 121 رنز بنا سکی۔ احسان عادل نے 13 اور سمیع اﷲ نے 4 رنز بنائے۔ لاہور لائنز کی جانب سے محمد حفیظ نے 11 رنز کے عوض چار، عبدالرزاق نے 19 رنز کے عوض 2 کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔ لاہور لائنز کے کپتان محمد حفیظ کو فائنل میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ فائنل میچ کے مہمان خصوصی گورنر پنجاب سردار لطیف کھوسہ نے انعامات تقسیم کیے۔ فاتح ٹیم کو 20 لاکھ جبکہ رنر اپ ٹیم کو 10 روپے اور ٹرافیاں دی گئیں۔ احمد شہزاد کو ٹورنامنٹ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا جس پر انہیں عمرہ کا ٹکٹ بھی دیا گیا۔ فیصل آباد ولفز کے اسد علی بیسٹ باﺅلر، کامران اکمل اور گلریز صدف کو بیسٹ وکٹ کیپر جبکہ فرخ شہزاد، یاسر عرفات، عمران اﷲ اسلم اور عمر اکمل کو بہترین فیلڈر قرار دیا گیا۔