کرپشن کی سیاست کو دفن نہ کیا تو ملک بچانا مشکل ہو گا: ڈاکٹر قدیر
لاہور (آئی این پی) تحریک تحفظ پاکستان کے سربراہ و ایٹمی سائنسدان ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے کہا ہے کہ آئندہ انتخابات میں کرپشن اور لوٹ مار کرنے والوں کی سیاست کو دفن نہ کیا گیا تو ملک کو بچانا مشکل ہو جائے گا۔ موجودہ حکمران اقتدار اور مفادات کے پجاری ہیں ان کے ہوتے ہوئے ملکی سالمیت اور خود مختاری کا تحفظ بھی ممکن نہیں۔ تحریک انصاف کا سونامی آگے کی بجائے پیچھے جا رہا ہے جب کرپٹ لوگ اکٹھے ہو جائیں تو وہاں چند ایمانداروں کی بھی کوئی حیثیت نہیں رہتی۔ حکومت انتخابات سے فرار چاہتی ہے۔ پارٹی رہنما دانش بلوچ اور دیگر سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے کہا کہ آئندہ عام انتخابات صرف انتخابات نہیں بلکہ ان میں پاکستان کے مستقبل کا فیصلہ ہو گا اور اگر عوام نے ووٹ دیتے ہوئے تھوڑی سی بھی غلطی کر دی تو یہ ملک کیلئے تباہ کن ہو گا۔