امریکہ نے نیٹو ممالک کو ڈرون ٹیکنالوجی نہیں دی بھارت کو کیسے دیگا: معین الدین حیدر
لاہور(خبرنگار) سابق وزیر داخلہ، سابق گورنر سندھ، معروف دفاعی تجزیہ نگار جنرل (ر) معین الدین حیدر نے کہا ہے کہ امریکہ نے ڈرون ٹیکنالوجی نیٹو ممالک کو نہیں دی وہ بھارت کو کیسے دے گا۔ امریکہ خطے میں طاقت کا توازن بگاڑنا کسی صورت پسند نہیں کرے گا۔ نوائے وقت سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے جنرل (ر) معین الدین حیدر نے کہا کہ امریکہ نے برطانیہ، فرانس، جرمنی سمیت کسی بھی ملک کو ڈرون کے علاوہ سٹیلتھ طیاروں اور ہیلی کاپٹروں کی ٹیکنالوجی نہیں دی۔ پاکستان کے تعلقات اب امریکہ سے بہتر ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم امریکی ڈرون طیاروں کو تو نشانہ نہیں بناتے لیکن کسی دوسرے ملک خصوصاً بھارت کو اپنے ملکی حدود کی خلاف ورزی کی اجازت نہیں دیں گے۔ ہم ڈرون گرانے کی بھی مکمل صلاحیت رکھتے ہیں امریکہ افغانستان سے جاتے وقت اپنا تمام جدید ترین اسلحہ واپس لیکر جائے گا۔