• news

بجلی اور گیس چوری کے بڑے مجرم حکومتی صفوں میں پناہ لئے بیٹھے ہیں: منور حسن

لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی پاکستان سید منور حسن نے وزارت پٹرولیم کی طرف سے گیس چوری کے 22 ارب روپے گھریلو صارفین پر ڈالنے اور گیس چوروں کو پکڑنے کی بجائے خسارا عوام سے پورا کرنے کے مبینہ فیصلے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اپنے ردعمل میں کہا ہے بجلی اور گیس چوری کے بڑے مجرم حکومتی صفوں میں پناہ لئے بیٹھے ہیں، حکومت سی این جی اور پٹرول کی قیمتوں میں کمی کے سپریم کورٹ کے فیصلے پر عمل درآمد کرنے کے بجائے عوام کو خوار کرنے پرکمر بستہ ہے، حکمران عوام کو ریلیف دینے کے عدالتی فیصلوں کی راہ میں رکاوٹ بنے ہوئے ہےں، روزانہ لاکھوں لوگ سی این جی پمپوں پر گھنٹوںقطاروں میں کھڑے حکومت کی نااہلی کا رونا روتے رہتے ہیں جبکہ حکمران پوری ڈھٹائی سے عوامی خدمت کے دعوے کرتے رہتے ہیں۔ سید منور حسن نے کہا ملک میں بڑے پیمانے پر ہونے والی گیس و بجلی کی چوری عوام کے کھاتے میں ڈال کر ہر سال اربوں روپے عوام سے وصول کئے جاتے ہیں۔ لائن لاسز کے نام پر غریب عوام کی جیبوں پر ڈاکہ ڈالا جاتا ہے جبکہ لائن سپرنٹنڈ نٹ اور لائن مین جو بااثر چوروں کے دست راست ہوتے ہیں ان سے کوئی باز پرس نہیں کی جاتی، حکومت میں بیٹھے ہوئے کمیشن مافیا نے ہر سطح پر کمیشن اور کرپشن کے کلچر کی حوصلہ افزائی کی ہے، عدالت میں گیس چوری کاجو ریکارڈ پیش کیا گیا ہے اس کے مطابق جن 200 سی این جی پمپوں پر روزانہ لاکھوں روپے کی گیس چوری ہوتی ہے ان میں سے اکثر پمپ حکومتی شخصیات یا ان کے رشتہ داروں کے ہیں اگر کوئی چور پکڑا جاتا ہے تو وہ رشوت دیکر یا کسی ”بڑے صاحب“کی سفارش سے پاک صاف ہو جاتا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن