سیاسی مفادات کیلئے دہشت گردوں کی سرپرستی کرنیوالے قومی مجرم ہیں: فضل کریم
لاہور (خصوصی نامہ نگار) سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین اور رکن قومی اسمبلی صاحبزادہ فضل کریم نے کہا ہے سیاسی مفادات کے لئے دہشت گردوں کی سرپرستی کرنے والے قومی مجرم ہیں، ڈرون حملے صلیبی جنگ کا حصہ ہیں، پاکستان کی سیاست ضمیر کے بحران کا شکار ہے۔ ٹیکس چور مافیا کا نیٹ ورک توڑنے کی ضرورت ہے۔ سیاستدان ماضی کی غلطیوں سے سبق سیکھیں اور الزام و دشنام کی سیاست ترک کر دیں۔ ملک کو رول آف رولر کی بجائے رول آف لاءکی ضرورت ہے، شخصیات کی بجائے اداروں کو مضبوط بنانا ہو گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سنی اتحاد کونسل پاکستان کے مرکزی دفتر میں مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا عوام آئندہ الیکشن میں سیاسی تاجروں کے فریب میں نہیں آئیں گے، عالم اسلام کو صلاح الدین ایوبی جیسے حکمران کی ضرورت ہے، مسلح ونگز رکھنے والی جماعتوں پر الیکشن میں حصہ لینے پر پابندی لگائی جائے۔ امریکہ افغانستان میں شکست کا بدلہ پاکستان سے لینے پر تلا ہے اور افغانستان کی جنگ پاکستان میں منتقل کر رہا ہے۔ شہر کراچی اجڑا ہوا دیار بن چکا ہے۔