پیپلز پارٹی کے نظریاتی کارکن اب بھی ق لیگ کو قاتل لیگ سمجھتے ہیں: شاہ محمود
لاہور (خصوصی رپورٹر) تحریک انصاف کے وائس چیئرمین و سابق وزیرِ خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی اور (ق) لیگ کے اتحاد کو دونوں جماعتوںکے ورکرز نے ضمنی انتخابات میں مسترد کر دیا، پی پی کے نظریاتی کارکن اب بھی (ق) لیگ کو قاتل لیگ سمجھتے ہیں، ضمنی انتخابات کے نتائج کے بعد ثابت ہو گیا کہ پنجاب میں تحریک انصاف اور مسلم لیگ (ن) کے درمیان مقابلہ ہو گا۔ تحریک انصاف عام انتخابات میں جنوبی پنجاب سمیت ملک بھر میں کلین سویپ کرےگی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کارکنوں کے وفد سے گفتگو کے دوران کیا۔ عوام اگر تبدیلی چاہتے ہیں تو انہیں عمران خان کا ساتھ دینا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ غربت، مہنگائی، فرقہ واریت اور امن و امان کی ناگفتہ بہ صوررتحال موجودہ حکمرانوں کے تحفے ہیں جس سے عوام تنگ آچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب کے عوام کو نعروں کی نہیں بلکہ عملی اقدامات کی ضرورت ہے۔