صدر چاہتے تو پنجاب میں بھی پیپلز پارٹی کی حکمرانی ہوتی: منظور وٹو
بصیرپور (نامہ نگار) پیپلزپارٹی پنجاب کے صدر وفاقی وزیر میاں منظور خاں وٹو نے کہا ہے کہ میں نے اپنے2012 تک کے اثاثے ظاہر کر دئےے ہیں اور تمام سیاستدانوں کو دعوت دیتا ہوں کہ وہ بھی اپنی جائیدادیں منظر عام پر لے آئیں تو ملک کی قسمت سنور جائے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے صوبائی صدارت سنبھالنے کے بعد پہلی مرتبہ اپنے آبائی حلقہ میں آمد کے بعد یہاں محلہ اقبال ٹاﺅن میں سوئی گیس کی فراہمی کے موقع پر میاں علی شیر وٹو اور سردار لیاقت علی لادھوکا کے زیر اہتمام جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ میاں منظور وٹو نے کہا کہ مجھے18ارکان پنجاب اسمبلی کی حمائت حاصل تھی کہ بینظیر بھٹو شہید نے مجھے اپنے 108ارکان دے کروزیر اعلیٰ پنجاب بنا دیا ،اب پھر صدرآصف علی زرداری نے پارٹی کا صوبائی صدر بنا کر مہربانی کی ہے عوام میرا ساتھ دے کر اگلی صوبائی حکومت بنانے میں اپنا حصہ ڈالیں ، وزارت اعلیٰ آئے گی تو بڑے بڑے کام ہونگے، علاقہ میں ترقی ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ ن لیگ والے پنجاب کی جس حکومت پر اتراتے پھر رہے ہیں وہ صدر آصف علی زرداری کی مصالحانہ سیاست کے طفیل انہیں ملی ہوئی ہے ورنہ صدر زرداری چاہتے اور مجھے کہتے تو ن لیگ حکومت سازی بھول جاتی اور پنجاب میں بھی پیپلزپارٹی حکمران ہوتی۔ انہوں نے کہا کہ ضمنی الیکشن میں ن لیگ نے اپنی چھوڑی ہوئی نشستیں پٹواریوں اور سرکاری عملہ کے زور پر حاصل کر کے کیا معرکہ مارا ہے جس پر بڑھکیں مار رہی ہے، اس الیکشن سے عام انتخابات کا نتیجہ اخذ نہیں کیا جا سکتا۔ اصل الیکشن آ رہا ہے، پتہ چل جائیگا،جب شہباز شریف وزیر اعلیٰ نہیں ہونگے ، پٹواری اور سپاھی انکی بات نہیں مانیں گے، اس وقت انکو سیاسی میدان میں شکست فاش دینگے۔ انہوں نے کہا کہ میرا کوئی غیر ملکی اکاﺅنٹ یا جائیداد نہیں، میری جائیداد حلقہ کے عوام ہیں۔ منظور وٹو نے دیپالپور بصیرپور دو رویہ سڑک کی تعمیر، سپورٹس سٹیڈیم، لاہور پاکپتن سیکشن پر ایک اور ٹرین چلوانے اور 4 محلوں میں سوئی گیس کی فراہمی کے اعلانات کئے۔قبل ازیں انکا یہاں پل راجباہ پر میاں عدنان سرور وٹو ایڈووکیٹ سمیت پیپلزپارٹی اور پیپلز یوتھ آرگنائزیشن کے رہنماﺅں نے شاندار استقبال کیا۔ مین بازار میں مختلف مقامات پرتاجروں اور دیگر رہنماﺅں نے انکا پرتپاک خیر مقدم کیا بعدازاں جلوس کی صورت میں انہیں جلسہ گاہ تک لایا گیا، جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے انکے صاحبزادے وفاقی پارلیمانی سیکرٹری میاں خرم جہانگیر وٹو نے کہا کہ میاں منظور وٹو نے اپنی ساری زندگی خدمت میں لگا دی ،انہیں حکومت ملے گی تو حلقہ کو سنوار دینگے۔ میاں منظور احمد خاں وٹو کی صاحبزادی رکن پنجاب اسمبلی روبینہ شاہین وٹو نے کہا کہ ہمارا منشور خدمت کی سیاست ہے۔ انکی کوششوں سے جاپان حکومت نے بونگی رام سنگھ میں ایک ماڈل سکول کیلئے گرانٹ دی ہے۔ جلسہ سے میاں جاوید اقبال وٹو، میاں علی شیر چھچھر، سردار لیاقت علی لادھوکا، میاں مظہر مصطفیٰ وٹو، میاں خالدا متیاز وٹو، میاں بشارت علی چھچھر، میاں فاروق علی جوڑا، میان طاھر نسیم وٹو اور دیگر رہنماﺅں نے بھی خطاب کیا۔ سٹیج سے انکشاف کیا گیا کہ میاں طاہر نسیم وٹو اور میاں فرزند علی چھچھر اپنے بٹووں سے ہاتھ دھو بیٹھے۔