دنیا بھر کے پروفیسروں اور اسلامی بیداری کی دو روزہ کانفرنس ایران میں شروع
تہران (اے پی پی) دنیا بھر کے پروفیسروں اور اسلامی بیداری کی دو روزہ کانفرنس ایران میں شروع ہوگئی۔ ارنا خبر رساں ایجنسی کے مطابق تہران میں شروع ہونے والی دو روزہ عالمی کانفرنس کا افتتاح ایران کی عالمی اسلامی بیداری اسمبلی کے سیکرٹری جنرل اور ایران میں اسلامی انقلاب کے رہنما آیت اللہ سید علی خامنہ ای کے سینیئر مشیر علی اکبر ولایتی کی افتتاحی تقریر سے ہوا۔ کانفرنس میں 350 ایرانی اور 70 سے زائد ممالک سے 250 غیرملکی سکالرز اور یونیورسٹی پروفیسرز شرکت کر رہے ہیں۔ کانفرنس کا عنوان انصاف اور مذہبی جمہوریت کی دنیا بھر میں ترقی ہے۔ ایران کی اعلیٰ سیاسی اور ثقافتی شخصیات بھی کانفرنس میں شرکت کر رہی ہیں۔ علی اکبر ولایتی نے اپنی افتتحی تقریر میں فتح غزہ کو اسلامی بیداری کی جانب ایک اہم کامیابی قرار دیا۔ انہوں نے کہاکہ 2010ءمیں تیونس کے عوام کی تحریک اور بعد ازاں تیزی سے باقی ماندہ مشرق وسطیٰ اور شمالی افریقہ میں پھیلنے والی تحریک اب ایک اہم اور حساس دوراہے پر پہنچ رہی ہے۔