مالی میں فوج نے تختہ الٹ دیا، وزیر اعظم پرتشدد، گرفتار
باماکو (نوائے وقت نیوز+ اے ایف پی) مالی میں فوج کے ہاتھوں گرفتار وزیراعظم مودیبو دیارا نے استعفیٰ دےدیا ہے۔ریاستی ٹی وی پر جاری بیان میں مودیبو دیارا نے اپنے اور اپنی حکومت کے مستعفی ہونے کا اعلان کیا۔ا±س سے کچھ گھنٹے پہلے انہیں فوج نے اس وقت گرفتار کیا تھا جب وہ فرانس روانہ ہونے کی کوشش کررہے تھے۔مودیبو دیارا کو گرفتار کرنے والے فوج کے ترجمان باکارے ماریکو نے بتایا کہ ملک بحران میں ہے،یہ فوجی بغاوت نہیں ہے۔ملک میں صدر موجود ہے۔ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم اداروں کے کام کی راہ میں رکاوٹیں کھڑی کررہے تھے اور ملکی مفاد میں کام نہیں کررہے تھے۔مالی میں فوج کی جانب سے عوامی نمائندوں کو اختیارات کی منتقلی کے بعد مودیبو دیارا اس سال اپریل میں وزیراعظم بنے تھے۔ وزیراعظم مودبیو یارا کے ایک ساتھی نے غیر ملکی میڈیا کو بتایا کہ مسلح افواج کے اہل کاروں نے وزیراعظم کو دارالحکومت ممباکو کے قریب ان کے گھر سے گرفتار کر لیا۔ انہوں نے کہاکہ مسلح نقاب پوش سکیورٹی اہلکاروں نے وزیراعظم پر تشدد کرتے ہوئے انہیں گھر سے نکال دیا۔غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق وزیراعظم کی گرفتاری سابق فوجی رہنما امادو سانو غو کی احکامات پر عمل میں آئی ہے۔ مالی کے وزیراعظم ملک کے شمالی علاقوں میں شدت پسندوں کے خاتمے کیلئے فوجی مداخلت کی حمایت بھی کرتے رہے ہیں۔