مستقبل کو سامنے رکھ کر دورہ بھارت کیلئے قومی ٹیم کا انتخاب کیا ہے : ذکاءاشرف
لاہور (سپورٹس رپورٹر) دورہ بھارت کیلئے ٹیموں کا اعلان پرفارمنس کی بنیاد پر کیا گیا ہے۔ ڈراپ ہونے والے کھلاڑی مایوس نہ ہوں۔ بلائنڈ ٹیم کے کپتان نے زہریلا لیکوئیڈ غلطی سے پیا تھا جس کی تصدیق ہوگئی ہے۔ حفیظ اور عبدالرزاق کے درمیان کسی قسم کے کوئی اختلافات نہیں ہیں۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین ذکاءاشرف نے ایشیا ڈیف کرکٹ ٹورنامنٹ میں شریک ٹیموں کے اعزاز میں دئیے گئے عشائیے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ عبدالرزاق کو حفیظ کے ساتھ اختلافات کی بنا پر نہیں بلکہ پرفارمنس کی بنا پر ڈراپ کیا گیا ہے۔ اس ضمن میں جب سلیکٹرز سے پوچھا تو انہوں نے تمام اعدادوشمار میرے سامنے رکھ دئیے جس کے بعد انہیں ٹیم سے ڈراپ کرنے کا فیصلہ ہوا۔ ان کا کہنا تھا کہ بلائنڈ ٹیم کے کپتان ذیشان عباسی کے ساتھ بھارت میں پیش آنے والے افسوسناک واقعہ کی تفصیلی رپورٹ عثمان واہلہ نے بورڈ کو دی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ انہوں نے غلطی سے لیکوئیڈ پی لیا اور کسی نے انہیں جان بوجھ کر زہر نہیں دیا۔ ذیشان عباسی کے ساتھ پیش آنے والے واقعہ سے پاکستان بھارت کرکٹ تعلقات کو متاثر نہیں کرسکتے، ہوٹل انتظامیہ کی جانب سے بھی پی سی بی کو خط موصول ہوا ہے جس میں انہوں نے اس واقعہ پر معذرت کی ہے لہٰذا ہمیں ان تمام باتوں کو بھول کر مستقبل کی جانب دیکھنا ہے۔ مستقبل کو سامنے رکھتے ہوئے دورہ بھارت کیلئے ٹیم کا انتخاب کیا گیا ہے۔ دورہ بھارت کیلئے تیاریاں جاری ہیں اور ہمیں یقین ہے کہ وہاں پر سکیورٹی سمیت کوئی بھی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آئے گا۔ عشائیہ میں پاکستان، افغانستان، نیپال، سری لنکا، بھارت اور پاکستان کی ٹیموں نے شرکت کی۔ ذکاءاشرف نے پی سی بی پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کیلئے بھرپور اقدامات کر رہا ہے اور ہم مایوس نہیں ہیں بلکہ ہمیں پوری امید ہے کہ آنیوالے دنوں میں پاکستان میں ضرور انٹرنیشنل کرکٹ بحال ہو گی۔