• news

قومی ہاکی ٹیم وطن واپس پہنچ گئی‘ شاندار استقبال‘ بھنگڑے

لاہور (سپورٹس رپورٹر/وقت رپورٹ) چیمپئنز ٹرافی میں کانسی کا تمغہ حاصل کرنے کے بعد قومی ہاکی ٹیم وطن واپس پہنچ گئی۔ لاہور ایئرپورٹ پر ٹیم کا شاندار استقبال کیا گیا۔ ہاکی ٹیم کے استقبال کیلئے شہریوں کی بڑی تعداد موجود تھی جنہوں نے ہاکی ٹیم کے اعزاز میں فلگ شگاف نعرے لگائے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کوچ اختر رسول نے کہا کہ یہ کامیابی ٹیم ورک کا نتیجہ ہے، قوم کو آئندہ مزید خوشیاں دیتے رہیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بیس دسمبر سے قطر کے شہر دوہا میں ہونیوالے ایشین چیمپئنز ٹرافی میں شرکت کیلئے ہاکی ٹیم کا اعلان چودہ دسمبر کوکیا جائیگا جس میں تین کھلاڑیوں کی تبدیلیاں کی جائیں گی۔ عمر بھٹہ، علی شان اور محمد عتیق کو ریسٹ کرایا جائیگا جبکہ محمد عرفان کے ساتھ مزید دو نئے کھلاڑی سکواڈ کا حصہ بنیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ ٹیم سترہ دسمبر کو دوہا روانہ ہوگی۔ ائرپورٹ پر اولمپئنز کی بڑی تعداد جمع تھی جنہوں نے شائقین ہاکی کے ساتھ مل کر کھلاڑیوں کا استقبال کیا۔ انہیں کاندھوں پر اُٹھا لیا، ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالے، پھولوں کے ہار پہنائے اور کھلاڑیوں کو مبارکباد دی۔ اس موقع پر رانا مجاہد نے بتایا کہ چیمپئنز ٹرافی میں ٹیم کی کارکردگی اچھی رہی۔ ائرپورٹ پر پی ایچ ایف کے عہدیداروں نے بھی کھلاڑیوں کا استقبال کیا۔ شائقین نے ڈھول کی تھاپ پر رقص کیا۔ کپتان محمد عمران نے کہا کہ مستقبل میں بھی خوشیاں دیتے رہیں گے۔ 

ای پیپر-دی نیشن