• news

نام نہاد دراندازی کے خاتمے کیلئے بھارت‘ پاکستان اور بنگلہ دیش کے ساتھ سرحدوں پر مزید 500 چوکیاں قائم کریگا

نئی دہلی (کے پی آئی) بھارتی حکومت نام نہاد در اندازی کے خاتمے کے لئے لائن آف کنٹرول اور 6300 کلو میٹر لمبی بین الاقوامی سرحد پر 500 نئی نگرانی چوکیاں قائم کرے گا۔ سرحدی حفاظتی فورس (بی ایس ایف) کے سپیشل ڈائریکٹر جنرل اروند رنجن نے کہا ہے کہ ملک کی اندرونی سلامتی اور سکےورٹی کیلئے اس طرح کے اقدامات کرنا ناگزیر ہو چکا ہے۔ تفصیلات کے مطابق سرحدی حفاظتی فورس (بی ایس ایف) کے سپیشل ڈائریکٹر جنرل اروند رنجن نے اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے ساتھ لگنے والی سرحدوں پر مزید نئی 500 نگرانی چوکیاں قائم کی جارہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ اقدام دراندازی کے پیش نظر اٹھائے جارہے ہیں تاکہ سرحد کے اس پار سے اس پار داخل ہونے والے دراندازوں پر کڑی نگاہ رکھی جا سکے۔ سوموار کونئی دہلی میں بی ایس ایف کی ریزینگ ڈے پریڈ کی تقریب پر خطاب کرتے ہوئے اروند رنجن نے کہا کہ پنجاب‘ راجستھان اور آسام کی بین الاقوامی سرحد پر سرحدی حفاظتی فورس کے ایک ہزار 300 نگراں چوکیاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 6300 کلو میٹر لمبی بین الاقوامی سرحد جو کہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے ساتھ لگ رہی ہے پر بی ایس ایف کے جوان دن و رات اپنی ڈیوٹی انجام دے رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا اس کے علاوہ جموں وکشمیر میں حد متارکہ پر بھی فوج کے ساتھ بی ایس ایف کے اہلکار تعینات کئے گئے ہیں۔ 

ای پیپر-دی نیشن