• news

نگران وزیراعظم: بڑے صوبوں میں بھی اچھے جج ہیں، چاہے پنجاب سے ہو: خورشید شاہ

اسلام آباد (آئی این پی+ اے این این) وفاقی وزیر مذہبی امور اور پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنما سید خورشید شاہ نے چیئرمین نیب ایڈمرل (ر) فصیح بخاری کو غیر ذمہ دار شخص قراردیتے ہوئے کہا ہے ان کی7 ارب روپے روزانہ کی کرپشن کی بات انتہائی مضحکہ خیز ہے، حکومت کی مدت 16مارچ کو پوری ہوجائے گی ، ہو سکتا ہے حکومت کی مدت10،15یا 20دن کم ہو جائے تاہم مدت پوری ہونے پرایک گھنٹہ بھی زائد نہیں لیں گے ۔ منگل کو ایک ٹی وی انٹرویو میں انہوں نے کہا پیپلزپارٹی کی واضح پالیسی ہے انتخابات وقت پر ہوں۔ اے این این کے مطابق انہوں نے کہا روزانہ 7ارب روپے کی کرپشن ہے تو فصیح بخاری کیا کر رہے ہیں، کالاباغ ڈیم کا معاملہ ہمیشہ اس وقت اٹھا جب مسلم لیگ (ن) کی حکومت تھی، قومی اسمبلی کے رواں سیشن میں احتساب بل پیش کر دیا جائے گا، مسلم لیگ (ن) کے بغیر یہ بل منظور کرانا چاہتے تو کب کا کرا چکے ہوتے۔ انہوں نے کہا حکومت نگران سیٹ اپ کا فیصلہ اپوزیشن سے مل کر کرنا چاہتی ہے۔ ہماری خواہش ہے چیف الکیشن کمشنر کی تعیناتی کی طرح یہ معاملہ بھی اتفاق رائے اور خوش اسلوبی سے طے کیا جائے۔ ابھی تک چودھری نثار نے نگران وزیراعظم کیلئے کوئی نام نہیں دیا۔ نگران وزیراعظم کے حوالے سے چھوٹے بڑے صوبے کی بات کرنا مناسب نہیں، اچھا شخص تلاش کرنا ہو گا چاہے وہ پنجاب سے ہی کیوں نہ ہو۔ بڑے صوبوں میں بھی اچھے جج موجود ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن