بھارت کیساتھ اہم تجارتی معاہدے پر عملدرآمد جلد شروع ہوگا: نوید قمر
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+این این آئی) وزیر دفاع سید نوید قمر نے کہا ہے بھارت کے ساتھ نہایت اہم تجارتی معاہدے پر چند ہفتے میں عملدرآمد شروع ہو جائے گا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا جنوبی ایشیا میں پائیدار ترقی اور تجارت کے فروغ سے غربت کا خاتمہ ممکن ہے۔ انہوں نے کہا جنوبی ایشیائی ممالک کو ماضی سے سبق سیکھتے ہوئے امن، بقائے باہمی اور باہمی احترام کے اصولوں کو اپنانے کی ضرورت ہے۔ بعدازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا پی کے 308 طیارے کی تحقیقاتی رپورٹ مل گئی طیارے کے انجن میں آگ نہیں لگی تھی بلکہ طیارے کا انجن فیل ہوا تھا۔ انہوں نے کہا جہازوں کی کمی کے باعث نئے روٹ شروع نہیں کرسکتے۔ پی آئی اے کے پاس 32میں سے 26 جہاز قابل استعمال ہیں 5 جہاز لیز پر لے رہے ہیں جو فروری کے آخر تک آجائیں گے۔ انہوں نے کہا پی آئی اے میں یکے بعد دیگرے حادثات کے واقعات نہیں ہونا چاہئیں۔ پی آئی اے کی صورتحال پر تشویش ہے۔