کراچی: بم دھماکہ ‘2 افراد جاں بحق ‘8 زخمی ‘ پولیس افسر ‘ ڈاکٹر سمیت مزید 16 قتل
کراچی (خصوصی رپورٹر + نوائے وقت رپورٹ) کراچی میں بم دھماکہ اور ٹارگٹ کلنگ کے واقعات میں مزید 18 افراد جاںبحق اور متعدد زخمی ہو گئے۔ بم دھماکے اور فائرنگ میں 2 پولیس اہلکار اور ایک ڈاکٹر بھی مارا گیا جبکہ مظاہرین نے پولیس موبائل کو نذر آتش کر دیا، بم دھماکہ لانڈھی کے علاقے مظفر کالونی میں ایک ہوٹل پر ہوا۔ میانوالی کالونی میں بھتہ نہ دینے پر دو مقامات پر دستی بم پھینکے گئے ایک دستی بم بیکری پر اور دوسرا گھر پر گرا بیکری پر گرنے والے دستی بم سے اطراف کی دکانوں کو نقصان پہنچا جبکہ گھر میں گرنے والے دستی بم سے اطراف کے مکانات اور دیگر چیزوں کو نقصان پہنچا۔ قائد آباد میں فیکٹری کی چھت گرنے سے 12 مزدور زخمی ہو گئے۔ بدھ کو ٹارگٹ کلنگ کے واقعات کھارادر، بلدیہ ٹاﺅن‘ شیرپاﺅ کالونی‘ نیپئر اور مختلف علاقوں میں ہوئے۔ شیرپاﺅ کالونی میں نامعلوم افراد نے ماموں اور بھانجے کو فائرنگ کر کے ہلاک کر دیا۔ بلدیہ ٹاﺅن میں 26 سالہ سہیل ولد منظور علی اور 25 سالہ عبدالغفار ولد پیار علی ہلاک ہوئے۔ نیپئر تھانے کی حدود میں امام بارگاہ کے پاس عابد رضا ہلاک ہو گیا۔ کورنگی میں نامعلوم افراد نے کلینک پر فائرنگ کر کے ڈاکٹر زبیر کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔ اے ایس آئی سعید آباد‘ بنارس میں جاںبحق ہوا۔ ادھر بولٹن مارکیٹ کے تاجر کو بھتہ نہ دینے پر قتل کرنے کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ میٹھادر تھانے کی حدود بولٹن مارکیٹ میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے ایک شخص کو ہلاک کر دیا، مقتول تاجر تھا۔ ادھر گلبرگ تھانے کی حدود فیڈرل بی ایریا میں پراجیکٹ ڈائریکٹر عطا عباس کی گاڑی پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں عباس اور رﺅف صدیقی زخمی ہو گئے۔ ادھر گلستان جوہر میں چھریوں کے وار سے ایک شخص کو قتل کر دیا گیا۔ اورنگی ٹاﺅن کے علاقے گلشن ضیا سے خاتون کی تین روز پرانی نعش ملی ہے جبکہ ابوالحسن اصفہانی روڈ پر بھی قائم ایک عمارت سے پولیس اہلکار کی نعش برآمد کی گئی۔ گذشتہ روز نیو کراچی میں ڈکیتی مزاحمت پر حاجی ندیم، اسلم قائم خانی اور بچہ زخمی ہو گئے تھے جو بعدازاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاںبحق ہو گئے۔ دھماکہ میں خاتون سمیت 8 افراد زخمی ہوئے۔ دھماکہ میں جاںبحق اہلکار کی شناخت زاہد اور شہری کی صادق کے نام سے ہوئی، ہوٹل مکمل تباہ ہو گیا۔ ایس پی ملیر نے تصدیق کی ہے کہ ایک اہلکار جاںبحق ہوا۔