• news

مذاکرات کامیاب ‘ گڈز ٹرانسپورٹرز نے ہڑتال ختم کر دی

کراچی + لاہور ( خبر نگار + نوائے وقت رپورٹ) بابر غوری کی سربراہی میں کمیٹی کے گڈز ٹرانسپورٹر سے مذاکرات کامیاب ہو گئے۔ گڈز ٹرانسپورٹرز نے 11 روز بعد ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کر دیا۔ بابر غوری نے کہا ہے کہ 3 مہینے تک لوڈ کے معاملے پر چالان نہیں کرے گی جبکہ صدر گڈز ٹرانسپورٹر ایسوسی ایشن نے کہا ہے کہ آج سے ہڑتال ختم کر دیں گے۔ وفاقی وزیر بابر خان غوری اور گڈز ٹرانسپورٹروں کے درمیان مذاکرات ماڑی پور ٹرک اڈے میں ہوئے۔ وفاقی وزیر کے ہمراہ آئی جی موٹروے پولیس اور سندھ کے ایڈیشنل آئی جی بھی تھے جبکہ گڈز ٹرانسپورٹروں کے تمام نمائندگان نے مذاکرات میں حصہ لیا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر نے کہا کہ گڈز ٹرانسپورٹروں کی تمام شکایات کا ازالہ کیا جائےگا اور مسائل حل کئے جائیں گے۔ بابر غوری نے کہا کہ ٹرانسپوٹروں کو تحفظ فراہم کریں گے۔ بابر خان غور ی نے گڈز ٹرانسپورٹروں کی تحفظ فراہم کرنے کے لئے نادرن بائی پاس پر 5 چیک پوسٹیں قائم کرنے کا فیصلہ کیا جس کے اخراجات بھی ان کی وزارت برداشت کرے گی۔ ہڑتال گذشتہ 11 روز سے جاری تھی جس کے باعث اربوں روپے کا نقصان ہوا، اس سے قبل سندھ حکومت اور ٹرانسپورٹرز کے مذاکرات ناکام ہو گئے تھے۔ گذشتہ رات گڈز ٹرانسپورٹر کو دئیے گئے عشائیہ میں دو گروہوں کے درمیان تکرار ہوئی تو بابر غوری اور عباس آفریدی ناراض ہو کر اٹھ کر چلے گئے جس پر گڈز ٹرانسپورٹرز کے عہدےدار انہیں کچھ دیر بعد منا کر واپس لے آئے۔ بابر غوری نے کہا کہ سڑک بند کرنے کے لئے ٹرانسپورٹرز سے کنٹینرز نہیں لئے جائیں گے۔

ای پیپر-دی نیشن