• news

فوج نے رابطہ کر لیا ‘ کراچی میں ووٹوں کی گھر گھر تصدیق یکم جنوری کو شروع ہو گی : سیکرٹری الیکشن کمشن

اسلام آباد(آئی این پی+ نوائے وقت نیوز) سیکرٹری الیکشن کمیشن اشتیاق احمد نے ایک بار پھر یہ دعویٰ کیا ہے کہ کراچی میں ووٹوں کی گھر گھر تصدیق کے عمل کے لئے فوج نے الیکشن کمیشن سے رابطہ کیا ہے ‘ ووٹوں کی گھر گھر تصدیق یکم جنوری سے شروع ہو گی۔ دوسری طرف عسکری حکام نے بھی ایک بار پھر اس کی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاک فوج کا الیکشن کمیشن سے سرکاری سطح پر رابطہ نہیں ہوا۔بدھ کو ایک نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے سیکرٹری الیکشن کمیشن اشتیاق احمد نے کہا کہ فوج نے رابطہ کیا تھا لیکن ہم نے انہیں کہا کہ الیکشن کمیشن کا اجلاس کراچی کی ووٹر لسٹوں کے حوالے سے آج جمعرات کو ہو رہا ہے اس کے بعد فوج کو آگاہ کردیا جائے گا جس کے بعد گھر گھر ووٹر لسٹوں کی تصدیق فوج کے ذریعے شروع ہو جائےگی۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ 15 سیاسی جماعتوں نے تجاویز دے دی ہیں(آج) جمعرات کے اجلاس میں فیصلہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ یکم جنوری سے کراچی میں گھر گھر ووٹر لسٹوں کی تصدیق کا عمل شروع ہوگا اور یہ 2 ماہ میں مکمل کرلیا جائے گا۔ادھرعسکری حکام نے کہا ہے کہ پاک فوج کا الیکشن کمیشن سے سرکاری سطح پر رابطہ نہیں ہوا ۔ کراچی میں ووٹر لسٹوں کی تصدیق کیلئے تاحال کوئی رابطہ نہیں کیا گیا ۔

ای پیپر-دی نیشن