• news

پاکستان پریمیئر لیگ کی کامیابی کیلئے ہارون لورگاٹ کو کنسلٹنٹ مقرر کرنیکا امکان


لاہور (سپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ نے سابق آئی سی سی چیف ایگزیکٹو ہارون لورگاٹ کو پاکستان پریمیئر لیگ کے کامیاب انعقاد کے لئے کنسلٹنٹ یا ایڈوائزر مقرر کئے جانے کا امکان ہے جس کا اعلان آئندہ چند روز تک متوقع ہے۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے سابق چیف ایگزیکٹو ہارون لورگاٹ کی گذشتہ روز پی سی بی ہیڈکوارٹر میں چیئرمین ذکاءاشرف سے دو گھنٹے سے زائد وقت تک ملاقات جاری رہی۔ ہارون لورگاٹ پاکستان پریمیئر لیگ کے انعقاد کے حوالے سے پاکستان کرکٹ کو اپنی خدمات پیش کرینگے جس میں وہ غیرملکی ٹیموں کے کھلاڑیوں کو پاکستان لانے کے ساتھ ساتھ غیرملکی سپانسر کو بھی لانے میں اپنا کردار ادا کرینگے۔ واضح رہے کہ چیئرمین پی سی بی اور ہارون لورگاٹ کے درمیان ایک ماہ میں تیسری ملاقات ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ اور سابق چیف ایگزیکٹو آئی سی سی کے درمیان معاملات طے پا گئے ہیں جس کا باقاعدہ اعلان جلد کیا جائے گا۔

ای پیپر-دی نیشن