• news

انعامات اعلانات تک محدود‘ سنوکر ورلڈ چپمپئن محمد آصف حکومتی ”لارا لپا“ سے مایوس


لاہور (آن لائن) اسنوکر میں پاکستان کو عالمی چیمپئن کا اعزاز دلانے والے محمد آصف بھی انعامی رقم کا انتظار کرنے والوں کی لائن میں لگ گئے، قومی ہیرو کے حوالے سے حکام نے "لارا لپا" کی حکمت عملی اپنا لی۔میڈیا سے خصوصی گفتگو میں امیچور اسنوکر ورلڈ چیمپئن شپ جیتنے والے محمد آصف نے کہا کہ وہ بطور پروفیشنل کھیلنا چاہتے ہیں۔ قومی ہیرو نے قوم کے لیڈران کو بے نقاب کرتے ہوئے کہا کہ سب نے اعلان کئے، تصاویر اتروائیں اور چل دیئے۔ انہیں ابھی تک کوئی انعامی رقم نہیں ملی۔ اسنوکر جیسے ہر دلعزیز کھیل میں پاکستانی نمائندگی کے حوالے سے محمد آصف کا کہنا تھا کہ کرکٹ اور ہاکی کی طرح گراس روٹ لیول پر اس کی بھی اکیڈمیاں ہونی چاہئیں۔ قوم کو عالمی چیمپئن کا اعزاز دلانے والے محمد آصف کے استقبال کے لئے کراچی ایئرپورٹ پر پاکستان اسپورٹس بورڈ کا کوئی نمائندہ موجود نہیں تھا۔ دکھ صرف اتنا ہی نہیں بلکہ اب تک کسی انعامی رقم کے نہ ملنے پر بھی قومی ہیرو شکوہ کناں ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن