صدر زرداری بھٹو کے وژن پر کاربند ہیں، کارکنان اتحاد پیدا کریں: جہانگیر بدر
برسلز (وقار ملک) پیپلزپارٹی کے مرکزی جنرل سیکرٹری جہانگیر بدر نے پی پی بلجیم کے عہدیداروں اور کارکنوں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو اور بینظیر بھٹو شہید کے وژن اور سوچ پر کاربند ہوکر صدر زرداری ملک و قوم کیلئے ترقی اور خوشحالی کا ایجنڈا بنائے ہوئے ہیں، کارکنان میں اتحاد پیدا کریں، پی پی کے صدر حاجی وسیم اختر ہیں جنہوں نے پارٹی کیلئے بے پناہ قربانیاں دیں، آپس کی شکایات اور معاملات کو مل بیٹھ کر حل کریں۔ بعدازاں جہانگیر بدر نے کشمیر سنٹرز کی کارکردگی کو بے حد سراہا اور کہا کہ کشمیریوں کے اصل وکیل بیرسٹر عبدالمجید ترمبو نے جو خدمات سرانجام دیں اور یورپی یونین میں لابنگ کی، وہ قابل تحسین اور قابل قدر ہے۔ محترمہ مس شہرین آفتاب سے بات چیت کرتے ہوئے جنرل سیکرٹری جہانگیر بدر نے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ ہماری نوجوان نسل کو پاکستانیت سے متعارف کروایا جائے۔ شہرین آفتاب نے یقین دلایا کہ وہ پاکستان اور بلجیم کے درمیان پل کا کردار ادا کریں گی۔