بھارت کیخلاف سیریز آسان نہیں ہو گی‘ سعید اجمل ٹرمپ کارڈ ثابت ہونگے : واٹمور
لاہور (سپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ ٹیم کے کوچ واٹمور نے کہا ہے کہ بھارت کے خلاف سیریز کا کوئی پریشر نہیں ہے، کامیابی کے لئے تمام کھلاڑیوں کو محنت کرنا ہوگی۔ سلیکٹرز کی جانب سے اعلان کردہ ٹیم متوازن ہے۔ قذافی سٹیڈیم لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کوچ واٹمور کا کہنا تھا کہ دورہ بھارت کے لئے ہمارا باﺅلنگ اٹیک متواز ن ہے کسی ایک باﺅلر پر فتح کا انحصار نہیں ہو گا ،اس بات میں کوئی شک نہیں کہ سعید اجمل موجودہ دور کے سب سے بہترین سپنر ہیں اور وہ کسی بھی قسم کی صورت حال میں ہمارے ٹرمپ کار ڈ ہیں تاہم کامیابی کے لئے دوسرے باﺅلرز کو بھی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کر نا ہو گا، ان کا کہنا تھا کہ ہم نے پانچ مختلف سینٹرز پر میچز کھیلنا ہیں اور ہر جگہ پر وکٹیں مختلف ہیں، ون ڈے سکواڈ میں آل راﺅنڈر نہ ہونے کے بارے میں ڈیوواٹمور نے کہا کہ بھارت میں وکٹیں بلے بازوں کے لئے ساز گار ہوتی ہیں اس لئے اگر ان وکٹوں پر چھ بلے باز کافی ہیںاس کے ساتھ ساتھ ٹیم میں شامل کئے جانے والے باﺅلرز میں سے انورعلی اور چند دوسرے باﺅلرز اچھی بیٹنگ کرتے ہیں اس لئے آل راﺅنڈر کی کمی محسوس نہیں ہو گی۔ پاکستان بھارت سیریز آسان نہیں ہو گی۔ یہ بالکل غلط تاثر ہے کہ ٹیم پر اس سیریز کاکوئی دباﺅ ہے۔ میں خود کو خوش قسمت تصور کرتا ہوں کہ میں دونوں ممالک کے درمیان پانچ سال کے بعد بحال ہونے والے کر کٹ تعلقات کا حصہ بننے جا رہا ہوں۔ دونوں ٹیموں کا باہمی سیریز میں ایک دوسرے کے مد مقابل آنا بہت خوشی کی بات ہے۔انضمام الحق کی بطور بیٹنگ کنسلٹنٹ تعیناتی خوش آئند ہے،حریف ٹیم کے ساتھ ہمیشہ اعصاب شکن مقابلے ہوئے ہیں، پوری تیاری کے ساتھ جائیں گے۔