ہائیکورٹ کا فیوچر کنسرن کے مالک عاصم ملک کی گرفتاری کیلئے ریڈ وارنٹ جاری کرنے کا حکم
لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ کے مسٹر جسٹس سید مظاہر علی اکبر نقوی نے بیرون ملک بجھوانے کا جھانسہ دے کر لوگوں سے کروڑوں روپے ہتھیانے کے الزام میں ملوث فیوچر کنسرن کمپنی کے مالک عاصم ملک کے ریڈ وارنٹ جاری کروا کر انٹرپول کے ذریعے گرفتار کر کے عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔ فاضل عدالت نے ایف آئی اے کے متعلقہ حکام کو ہدایت کی عدالتی احکامات پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے۔ گذشتہ روز عدالت کے روبرو ڈی جی ایف آئی اے پیش ہوئے انہوں نے عدالت کو بتایا عاصم ملک کے بیرون مُلک فرار ہونے کی اطلاع ہے جس پر فاضل عدالت نے اس امر کا سخت نوٹس لیا۔ عاصم ملک کا نام ای سی ایل میں شامل ہونے کے باوجود اس کا بیرون ملک فرار ہونا حیرت کی بات ہے۔ مزید سماعت اگلی تاریخ کو ہو گی۔