• news

حریت رہنماﺅں نے بھارتی پاسپورٹ کے باعث دورہ پاکستان سے انکار کیا ہے: شبیر شاہ


اسلام آباد (وقت نیوز) جموں و کشمیر فریڈم پارٹی کے سربراہ شبیر احمد شاہ نے کہا ہے کہ بھارت جبری طور پر کشمیر پر قابض ہے، بھارت کے جبری تسلط کی وجہ سے انہوں نے بھارتی پاسپورٹ پر پاکستان کا دورہ کرنے سے انکار کیا ہے۔ وقت ٹی وی کے پروگرام ایٹ پی ایم ود فریحہ ادریس میں گفتگو کرتے ہوئے شبیر احمد شاہ کا کہنا تھا کہ پاکستان کے عوام کشمیریوں سے بے پناہ محبت کرتے ہیں جس پر وہ ان کے شکرگزار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے حریت رہنماﺅں کو دورہ پاکستان کی دعوت دی لیکن انہوں نے صرف بھارتی پاسپورٹ کی و جہ سے بطور احتجاج دورہ پاکستان سے انکار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اس وقت ایک لڑائی لڑ رہے ہیں اور یہ جنگ بھارت کی طرف سے ہم پر مسلط کی گئی ہے، ہم چاہتے ہیں کہ اگر بھارت سنجیدہ ہے تو وہ انا کو ختم کر کے مسئلے پر لچک دکھائے۔ شبیر شاہ نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے حوالے سے اقوام متحدہ نے اٹھارہ قراردادیں منظور کر رکھی ہیں جن پر عملدرآمد ہونا چاہئے۔ ایک سوال پر ان کا کہنا تھا کہ ان کی جماعت مسئلہ کشمیر کو پاکستان، بھارت اور کشمیریوں کی امنگوں کے مطابق حل کرنے کی خواہاں ہے۔ انہوں نے کہا پاکستان کو عین الیکشن کے وقت حریت رہنما¶ں کو دورہ پاکستان کی دعوت نہیں دینا چاہئے تھی۔

ای پیپر-دی نیشن