• news

چیلنج کرتا ہوں ہم نے گذشتہ 25 برسوں کی حکومتوں سے زیادہ ترقیاتی کام کرائے: وزیراعظم

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ وہ وزیراعظم بنانے پر پارٹی کے شکرگزار ہیں۔ کیا کسی دوسری سیاسی جماعت نے بھی کبھی سیاسی کارکن کو وزیراعظم کے منصب کیلئے نامزد کیا ہے؟ وزیراعظم نے ان خیالات کا اظہار وزیراعظم ہاﺅس میں گوجر خان سے تعلق رکھنے والے ممتاز افراد کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعظم نے کہا ماضی میں کسی حکومت نے اتنے ترقیاتی کام نہیں کئے جتنے پی پی پی کی قیادت میں موجودہ مخلوط حکومت نے کرائے ہیں۔ پیپلز پارٹی نے جتنی ترقیاتی رقوم منصوبوں کیلئے خرچ کی ہیں اس کا کوئی تقابل نہیں۔ وہ چیلنج کرتے ہیں کہ حکومت نے گزشتہ 25 برسوں کی حکومتوں سے زیادہ ترقیاتی کام کرائے ہیں۔ جتنے ہم نے کام کرائے اتنے کسی حکومت نے نہیں کرائے۔ پیپلز پارٹی اداروں کے استحکام پر یقین رکھتی ہے۔ پی اے سی کے چیئرمین کی حیثیت سے چودھری نثار علی خان نے اور چیف الیکشن کمشنر کی حیثیت سے فخر الدین جی ابراہیم کی تعیناتی اداروں کو مضبوط بنانے کیلئے پی پی پی کے عزم کی مظہر ہے۔ سستی روٹی یا لیپ ٹاپ کی تقسیم کی بجائے حکومت نے بے نظیر اِنکم سپورٹ پروگرام شروع کیا جس نے عالمی پذیرائی حاصل کی۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے پی پی پی کی حکومت اپنی معیاد پوری کررہی ہے۔ یہ اس امر کے باوجود ہے کہ تجزیہ نگار میڈیا پر پیش گوئی کررہے تھے کہ حکومت اپنی مدت پوری نہیں کرسکے گی۔ ہم سیاستدان ہیں اور ہمیں کسی سے سبق لینے کی ضرورت نہیں اور ہم نے یہ ثابت بھی کیا ہے۔ یہ سب صدر آصف علی زرداری کی دانشمندی اور محترمہ بے نظیر بھٹو کے وژن کے باعث ممکن ہوا۔آج میڈیا اور عدلیہ آزاد ہیں، ہم اداروں کو مضبوط دیکھنا چاہتے ہیں، ملک گندم برآمد کر رہا ہے، پہلے درآمد کیا کرتے تھے۔ ہم مخالفت برائے مخالفت کیخلاف ہیں۔ آئندہ انتخابات شفاف اور آزادانہ ہوں گے۔ بوگس ووٹ ختم کردئیے گئے ہیں اور کوئی بھی جعلی ووٹ نہیں ڈال سکے گا۔ وزیراعظم نے مزید کہا کہ تمام ادارے اپنے ہیں، انہیں مزید مضبوط کرینگے۔انہوں نے کہاکہ صرف گوجر خان سے ایک لاکھ 21 ہزار جعلی ووٹ ختم کئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ اپوزیشن کسی بھی فورم پر آکر ہمارے کاموں کا موازنہ کر لے۔ دریں اثناءوزیراعظم نے کہاکہ ملک کو پولیو سے پاک کرنا موجودہ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اس مقصد کیلئے حکومت میڈیا، علماءاور سول سوسائٹی کے اداروں سمیت تمام متعلقہ فریقوں کی مﺅثر شرکت کی حوصلہ افزائی کر رہی ہے۔ وزیراعظم نے یہ بات نیشنل پولیو مانیٹرنگ کمیٹی کی چیئرپرسن اور رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو سے ملاقات کے دوران کہی۔ وزیراعظم نے پولیو کے خاتمے کیلئے تمام صوبائی حکومتوں کے قائدین بالخصوص گورنر خیبر پی کے بیرسٹر مسعود کوثر اور رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو کی کارکردگی کی تعریف کی۔ عذرا فضل پیچوہو نے وزیراعظم کو انسداد پولیو پروگرام کو مضبوط و مﺅثر بنانے کیلئے نیشنل ٹاسک فورس اور صحت کے دیگر اداروں کے اقدامات سے آگاہ کیا۔

ای پیپر-دی نیشن