کشمیری بدامنی سے تنگ آ چکے‘ بھارت بلوچستان میں مداخلت نہیں کررہا‘ سشیل کمار
نئی دہلی (سپیشل رپورٹ+ وقت نیوز) بھارتی وزیر داخلہ سشیل کمار شندے نے کہا ہے کہ کشمیر میں لوگ پرامن طریقہ سے رہ رہے ہیں اور کشمیری بدامنی سے تنگ آ چکے ہیں اس لئے اب کوئی مسئلہ نہیں ہے۔ پاکستانی ہائی کمشنر سلمان بشیر کے عشائیہ میں اخبار نویسوں سے بات چیت میں بھارتی وزیر داخلہ نے کہا کہ بلوچستان میں بھارت مداخلت نہیں کررہا اگر پاکستان کے پاس ثبوت ہیں تو بھارت کو پیش کرے۔ انہوں نے کہا کہ ممبئی حملوں کے ذمہ داروں کے خلاف اطمینان بخش طور پر تحقیقات نہیں ہو رہیں۔ ہم نے پاکستانی جوڈیشل کمشن کو بھارت آکر گواہوں پر جرح کرنے کے لئے ویزا کی سہولت بھی دیدی ہے۔ مسٹر شندے نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان ویزا کا جو سمجھوتہ ہوا ہے اس بارے میں انہیں پورا یقین ہے کہ اس پر عملدرآمد ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ ایک دفعہ پاکستان بھارت سمجھوتوں پر عمل درآمد شروع ہوجائے تو اعتماد کی فضا بن جائے گی۔ بھارتی وزیر داخلہ نے کہا کہ اجمل قصاب کو پھانسی دینے میں جلدی نہیں کی گئی ساری دنیا جانتی ہے کہ اجمل قصاب کا تعلق پاکستان سے تھا۔ انہوں نے کہا اجمل قصاب کی لاش لینے کے لئے کسی نے رابطہ نہیں کیا۔