طاہر القادری آئندہ 90 روز میں تاریخی قومی خدمات انجام دینگے: آغا مرتضیٰ پویا
لاہور (نیوز ڈیسک) تحریک منہاج القرآن اور پاکستان عوامی تحریک کے سینئر وائس چیئرمین آغا مرتضیٰ پویا نے کہا ہے کہ آئندہ 90 روز میں ڈاکٹر طاہر القادری تاریخی قومی خدمات سرانجام دینگے۔ ایک انٹرویو میں آغا مرتضیٰ پویا نے کہا کہ طاہر القادری اگلے 90 روز میں ملک و قوم کی ایسی خدمت کرینگے کہ نہ کسی نے پہلے کی اور نہ آئندہ کوئی کرسکے گا۔ وہ بہت بڑی ذمہ داری سنبھالیں گے مگر کوئی عہدہ نہیں لیں گے۔ انکی لڑائی نوازشریف سے ہے نہ آصف زرداری سے اور نہ ہی عمران خان سے ہے۔ ایک مقتدر اسلامی پاکستان اور ایک مقتدر اسلامی امہ کا اعلان انکا ارمان ہے۔ وہ 23 دسمبر کو اپنے لائحہ عمل کا اعلان کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ اور مغرب سمیت ہر جگہ کا مغربی نظام زمین بوس ہورہا ہے کیونکہ یہ انسانیت کو دو سال میں کچھ نہیں دے سکا۔ عہد حاضر میں امام خمینی نے انقلاب کا نہ صرف تصور پیش کیا بلکہ عملی طور پر کرکے دکھایا۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت امام خامنہ ای اور حسن نصر اللہ ہیں۔ جمال الدین اسد آبادی، سید مودودی اور حسن البنا نے مسلمانوں اور انسانیت کیلئے مفید جدوجہد کی۔ مولانا مودودی کے امام خمینی سے تعلقات بہت اچھے تھے۔ وہ ایک دوسرے سے رابطے میں رہتے تھے۔ اسلامی انقلاب کیلئے انکے خیالات ایک جیسے تھے۔ میرا گمان یہ ہے کہ امریکہ میں اکتوبر 1979ءکو مولانا مودودی کو قتل کیا گیا۔ آغا مرتضیٰ پویا نے کہا کہ ڈاکٹر طاہر القادری اور اسلامی عوام محاذ کا نصب العین ہے کہ منزل مدینہ، منہاج کربلا ہے۔ مسلمان پر تین احکام واجب ہیں اطاعتِ الٰہی، اتباعِ محمد اور مودت آلِ محمد۔ ڈاکٹر طاہر القادری بے رحمانہ احتساب کیلئے باکردار لوگوں پر مشتمل حکومت کا خاکہ پیش کرینگے لیکن واضح رہے کہ وہ نگران وزیراعظم نہیں بنیں گے البتہ قوم کی حمایت اور مدد سے بنیادی کام سرانجام دینگے جسے قوم یاد رکھے گی۔