• news

حریت وفد مظفرآباد پہنچ گیا‘ کشمیری عوام میں حائل رکاوٹیں دور‘ مصنوعی بارڈر ختم کیا جائے: میر واعظ

مظفر آباد (نمائندہ خصوصی + نیوز ایجنسیاں) کل جماعتی حریت کانفرنس کا وفد میر واعظ عمر فاروق کی قیادت میں مظفر آباد پہنچ گیا۔ مسلم کانفرنس کے کارکنوں نے ہیلی پیڈ پر پرتپاک استقبال کیا جبکہ حریت رہنماﺅں کے وفد کی آمد پر حکومت نے سرد مہری کا مظاہرہ کیا حتیٰ کہ حکومت کی جانب سے کوئی بھی خیرمقدمی بینر تک نہ لگایا جا سکا۔ حریت کانفرنس کے وفد نے مظفر آباد میں آزاد جموں و کشمیر کے صدر سردار یعقوب خان اور وزیراعظم چودھری عبدالمجید سے ملاقات کی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین میر واعظ عمر فاروق نے کہا پاکستان اور بھارت میں کشمیریوں کے حق خودارادیت کے بارے میں کوئی دو رائے نہیں ہیں اور نہ ہی لائن آف کنٹرول پر خار دار تاروں کے ذریعے کشمیریوں کی آزادی کی خوشبو کو قید کیا جا سکتا ہے۔ آزاد کشمیر اور مقبوضہ کشمیر کے عوام میں ملاقات کی حائل رکاوٹیں دور ہونی چاہئیں۔ مصنوعی بارڈر اور باڑ کو ختم کیا جائے، کشمیریوں کے مابین تجارت فری ہونی چاہئے گاڑیوں پر سفر کی اجازت ملنی چاہئے ہیلی کاپٹر اور بائی ائر سروس شروع کی جانی چاہئے کشمیری دونوں ملکوں کے مابین پل کا کردار ادا کرنے کیلئے تیار ہیں۔ مقبوضہ کشمیر کے عوام اقتدار، مراعات، سڑک اور پانی کیلئے قربانیاں نہیں دے رہے جدوجہد کا مقصد حق خوارادیت ہے۔ آر پار کے کشمیریوں کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں اور دونوں طرف کی قیادت کو تسلسل کے ساتھ رابطوں کو بڑھاتے ہوئے حق خود ارادیت کے حصول کے لیے مشترکہ کوششیں کرنی چاہئیں تاکہ آزادی کی منزل قریب سے قریب تر آسکے۔ وہ دن دور نہیں جب کشمیری آزادی کا سورج دیکھیں گے۔ ملاقات کے موقع پر حریت رہنماﺅں کے وفد کے ارکان پروفیسر عبدالغنی بٹ، عباس انصاری، بلال غنی لون، مصدق عادل، مختار وازمی، آغا سید حسن الموسوی کے علاوہ سپیکر اسمبلی سردار غلام صادق خان،آزاد کشمیر کے وزراء بھی موجود تھے۔ میرواعظ عمر فاروق نے کہا کہ آر پار کی کشمیری قیادت سمیت عوام کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں لیکن جموں وکشمیر کے سینے پر کھینچی گئی جبری خونی لکیر نے ایک بھائی کو دوسرے بھائی سے جدا کر رکھا ہے۔ آزادی کی تحریکوں میں مصائب و مشکلات ہوتی رہتی ہیں لیکن جبر اور ظلم کے باوجود کشمیری عوام کو حق خود ارادیت کی جدوجہد سے ہر گز روکا نہیں جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ادھر دونوں ممالک کے درمیان تجارت ہو رہی ہے ادھر مقبوضہ کشمیر میں کالے قوانین موجود ہیں اور کشمیریوں پر عرصہ حیات بھی تنگ ہے جب تک کشمیری گراﺅنڈ پر مثبت تبدیلی نہ محسوس کریں تو ان کیلئے تو عملاً کوئی تبدیلی نہ ہوئی ماضی میں خفیہ معاہدات کئے گئے۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق معلوم ہوا ہے کہ کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین میر واعظ عمر فاروق کی قیادت میں اے پی ایچ سی کے 7 رکنی وفد کے ارکان آج پیر کو اسلام آباد میں وزیراعظم راجہ پرویز اشرف سے ملاقات کریں گے۔ حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے رہنما بھی ان کے ہمراہ ہوں گے۔ علاوہ ازیں مظفر آباد میں میرواعظ عمر فاروق نے وزیراعظم آزاد کشمیر چودھری عبدالمجید کے ہمراہ میڈیکل کالج کا افتتاح کیا۔ دریں اثناء حریت کانفرنس کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے آزادکشمیر کے صدر سردار محمد یعقوب خان نے کہا ہے کہ کشمیریوں نے حق خودارادیت پر نہ سمجھوتہ کیا ہے نہ کریں گے۔ صدر آصف زرداری اور پاکستان پیپلزپارٹی کا مسئلہ کشمیر اور کشمیریوں کے ساتھ گہرا تعلق ہے حریت کانفرنس مقبوضہ کشمیر کے قائدین کی آزادکشمیر آمد پر دلی خوشی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر کی تمام سیاسی‘ دینی جماعتیں اور سول سوسائٹی مسئلہ کشمیر پر ایک ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن