بھارتی حکام سے بلوچستان میں مداخلت ‘ اسلحہ کا اٹھایا‘ جلد ثبوت بھیجوں گا: رحمن ملک
اسلام آباد+ نئی دہلی (سپیشل رپورٹ + نوائے وقت رپورٹ + ایجنسیاں) وفاقی وزیر داخلہ رحمن ملک نے کہا ہے کہ عدالتوں کا احترام کرنا چاہئے۔ بھارتی حکام سے بلوچستان میں مداخلت اور اسلحہ کا مسئلہ بھی اٹھایا ہے طے ہوا ہے کہ بھارت کو ثبوت بھجوائے جائینگے۔ بلوچستان میں مداخلت کے ثبوت جلد بھارت بھیجوں گا۔ بھارت سے فون کالز کے ذریعے ہدایات دی جاتی ہیں۔ کشمیر، پانی کے مسائل کا ایجنڈا میرے پاس نہیں تھا۔ اجمل قصاب پر بھارتی عدلیہ کا فیصلہ تسلیم کیا اب بھارت حافظ سعید پر ہماری عدالتوں کا فیصلہ قبول کرے، ممبئی حملے کے سلسلے میں بھارتی وفد منگل کو پاکستان پہنچ رہا ہے۔ نئی دہلی سے اسلام آباد پہنچنے پر میڈیا سے گفتگو کرتے انہوں نے کہا بھارت سے کہا ہے کہ حافظ سعید کی ضمانت بھی عدالت نے منظور کی، بھارت سے حافظ سعید کے خلاف ثبوت مانگے ہیں۔ بھارت نے ثبوت دئیے تو ضرور حافظ سعید کے خلاف کارروائی کریں گے۔ پاکستان ہر طرح کی دہشت گردی کے خلاف ہے پاکستان اور بھارت ایسا میکانزم بنائیں کہ بابری مسجد، سمجھوتہ ایکسپریس اور دہشت گردی کے دیگر واقعات نہ ہوں۔ پاکستان اور بھارت کو ایک دوسرے کے قوانین کا احترام کرنا چاہئے۔ بھارتی قیادت اور اپوزیشن سے دوطرفہ تعلقات پر بات ہوئی ہے۔ بھارتی حکام سے بلوچستان کے معاملے سمیت دیگر امور پر بھی گفتگو ہوئی ہے موجودہ دورے سے دوطرفہ تعلقات مزید مستحکم ہوں گے بھارت میں سوالوں کا منہ توڑ جواب دیا۔ دورہ بھارت کے دوران ویزا پالیسی کی ابتدا کی بھارتی ہم منصب سے منشیات اور انسانی سمگلنگ پر بات ہوئی ویزا پالیسی سے دونوں ممالک کے غریب عوام کا فائدہ ہو گا۔ بھارتی وزیر داخلہ سے ویزے بڑھانے کیلئے کہا کرکٹ شائقین ویزے کیلئے درخواست دیں۔ واہگہ بارڈر پر ویزے کیلئے سٹاف بڑھایا جا رہا ہے۔ بھارتی وزیراعظم کو دورہ پاکستان کی دعوت دی جو انہوں نے قبول کر لی اب بھارتی وزیراعظم کی مرضی جب چاہیں پاکستان آئیں۔ قبل ازیں نئی دہلی میں میٹ دی پریس سے خطاب کرتے ہوئے رحمن ملک نے کہا ہے کہ ممبئی حملوں کے الزام میں بھارت میں گرفتار لشکر طیبہ کا رکن ابوجندل بھارتی خفیہ ایجنسی کا ایجنٹ ہے۔ ابوجندل بلاشبہ ایک جرائم پیشہ شخص ہے اور بھارتی خفیہ ادارے کا ایجنٹ ہے۔ یہ الزام نہیں بلکہ مجرم نے خود اعتراف کیا ہے۔ ابوجندل کے علاوہ ممبئی حملوں کے الزام میں مطلوب مزید ملزمان بھارتی شہری ہیں۔ ہمیں اس حوالے سے پریشانی ہے کہ یہ لوگ کیوں اور کیسے پاکستان گئے۔ ابوجندل پاکستانی شہری نہیں بلکہ جعلی پاکستانی پاسپورٹ اور شناختی کارڈ بنوا رکھا تھا۔ پاکستان غیر ریاستی عناصر کی سرگرمیوں کے حوالے سے تحقیقات کر رہا ہے کہ سرحدوں پر دونوں ممالک کی سکیورٹی فورسز کی موجودگی کے باوجود یہ عناصر کیسے داخل ہوئے ہیں۔ رحمن ملک نے کہا کہ ہمیں بھولنا ہوگا کہ پاکستان اور بھارت دشمن ملک ہیں۔ دوطرفہ مذاکرات کے باعث مسئلہ کشمیر کے حل کی جانب بڑھ رہے ہیں۔ پاکستان اور بھارت کو مستقبل کی فکر کرنا ہو گی۔ پشاور ائرپورٹ حملے میں تحریک طالبان امیر معاویہ گروپ ملوث ہے۔ رحمن ملک نے نظام الدین اولیاءکے مزار پر حاضری دی اور ملک و قوم کی سلامتی کے لئے دعا مانگی۔ اس موقع پر ان کی دستار بندی بھی کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ بھارت میں بہت پیار ملا۔دہشت گردی اور غربت پاکستان اور بھارت کے مشترکہ دشمن ہیں۔ نیشن رپورٹ کے مطابق بھارت نے رحمن ملک کے اس بیان کے ابوجندل بھارتی خفیہ ایجنسی کا ایجنٹ ہے پر شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے۔ بھارتی سیکرٹری داخلہ آر کے سنگھ نے کہا ہے کہ رحمن ملک کا یہ بیان مضحکہ خیز ہے۔