• news

بھارتی ہاکی سیریز سے معاہدہ برقرارکھیلنے ضرور جاﺅں گا:شکیل عباسی


لاہور (نیوز ایجنسیاں) پاکستان کے ہاکی اولمپیئن شکیل عباسی نے واضح کردیا ہے کہ بھارتی ورلڈ سیریز ہاکی سے ان کا تین سالہ معاہدہ برقرار ہے اور وہ صرف اسی صورت میں یہ لیگ نہیں کھیلیں گے جب اس دوران پاکستانی ٹیم کوئی میچ کھیل رہی ہوگی۔شکیل عباسی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس لیگ کے قانونی یا غیرقانونی ہونے کی بحث میں نہیں پڑنا چاہتے کیونکہ جس وقت انہوں نے یہ معاہدہ کیا تھا اسوقت اس لیگ کو ایف آئی ایچ نے غیرقانونی نہیں کہا تھا۔ ان کا اس لیگ سے تین سال کا معاہدہ ہے اور وہ پیشگی رقم بھی لے چکے ہیں۔شکیل عباسی نے کہا کہ ایف آئی ایچ پاکستانی ہاکی کے لیے کچھ نہیں کررہی ہے اور انہیں امید ہے کہ جب بھارتی لیگ میں کھیلنے کا وقت آئے گا تو کوئی مسئلہ پیدا نہیں ہوگا اور کوئی نہ کوئی راستہ نکل آئے گا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے ارباب اختیار کو یہ اچھی طرح معلوم ہے کہ کھلاڑی جب تک بیرون ملک لیگ نہیں کھیلیں گے ان کی مالی حالت بہتر نہیں ہوسکتی۔شکیل عباسی نے کہا کہ اگر پاکستانی ٹیم کو ان کی ضرورت ہوئی اور ٹیم اسوقت کوئی ٹورنامنٹ کھیل رہی ہوگی تو وہ لیگ نہیں کھیلیں گے۔شکیل عباسی نے کہا کہ ورلڈ کپ اور اولمپک گولڈ میڈلز پاکستانی ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں کو تو فائدہ پہنچاسکتے ہیں لیکن اگر پاکستانی ہاکی کو دوبارہ عروج پر لانا ہے تو اس کے لیے ڈپارٹمنٹس کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا انہیں کھلاڑیوں کو ملازمتیں دینی ہونگی۔ جس طرح ڈپارٹمنٹس اپنی ٹیمیں ختم کررہے ہیں ان حالات میں پاکستان کبھی بھی ہاکی میں کھویا مقام دوبارہ حاصل نہیں کرسکتا۔شکیل عباسی نے کہا کہ کوئی بھی کھلاڑی اس وقت تک اچھی کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کرسکتا جب تک اسے اعتماد نہ دیا جائے۔ کھلاڑی فوراً نہیں بن جاتا ہے اسے تجربہ حاصل کرنے اور کھیل میں نکھار لانے میں کئی سال لگ جاتے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن