• news

دورہ بھارت میں نازیبا حرکات‘ پی سی بی عہدیدار کیخلاف تحقیقات شروع


 لاہور (آئی این پی) قومی کرکٹ ٹیم کے رواں ماہ دورہ بھارت کے حوالے سے سیکورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کےلئے بھارت جانے والے پی سی بی وفد میں شامل ایک عہدیدار کی دورہ بھارت کے دوران نازیبا حرکات کے بارے میں ملنے والی رپورٹس پر حساس اداروں نے تحقیقات شروع کر دی ہیں، جبکہ چیئرمین پی سی بی نے بھی اس بار ے میں رپورٹ طلب کر لی۔ پی سی بی ذرائع کے مطابق پی سی بی کا یہ عہدیدار سیاسی بنیادوں پر بورڈ میں تعینات ہوا تھا اور اپنی رنگین مزاجی کی وجہ سے خاصی شہرت کا حامل ہے۔ ذرائع کے مطابق حساس اداروں کو ملنے والی رپورٹس کے مطابق اس عہدیدار نے دورہ بھارت کے دوان ہر موقع پر دل کھول کر شراب نوشی کی اور کئی بار خواتین کے ساتھ بھی پایا گیا۔ ذرائع کے مطابق حساس ادارے اس عہدیدار کے بارے میں مکمل چھان بین کر رہے ہیں اور تحقیقات کے بعد اس کےخلاف پی سی بی سے برطرفی سمیت سخت کارروائی کا امکان ہے۔ بورڈ کے اس عہدیدار پر 70ہزار روپے ماہانہ انٹرٹینمنٹ کے نام پر جعلی رسیدوں کے ذریعے لاکھوں روپے بورڈ سے وصول کرنے کی بھی تحقیقات ہورہی ہیں۔ واضح رہے کہ بورڈ کے چیئر مین ذکاءاشرف پہلے ہی سال نو کے موقع پر بورڈ میں انتظامی تبدیلیوں کا عندیہ دے چکے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن