حافظ آباد: طالبہ نے بہن بھائیوں کے تعلیمی اخراجات کیلئے چائے کا سٹال لگا لیا
حافظ آباد (نمائندہ نوا ئے وقت) بی کام کی طالبہ ماریہ توحید نے اپنی پڑھائی کے ساتھ ساتھ اپنی تین بہنوں اور دو بھائیوں کے تعلیمی اخراجات کے لئے اپنے بیمار والد کے ساتھ مل کر چائے کا سٹال لگا لیا۔ ماریہ کاکہنا ہے کہ اس کی خواہش ہے کہ وہ پڑھ لکھ کر اپنے بہن بھائیوں کا مستقبل روشن کرے۔ تفصیلات کے مطابق حافظ آباد سے تقریباً16کلو میٹر دور واقع گاو¿ں مرادیاں کے توحید احمد کی 18 سالہ بیٹی ماریہ توحید نے بی کام میں داخلہ لے رکھا ہے جبکہ اس کی ایک چھوٹی بہن عائشہ توحید بھی آئی کام پارٹ ٹو کی طالبہ ہے جبکہ اس کی دو چھوٹی بہنیں فریضہ توحید، عالیہ توحید بھی تعلیم حاصل کر رہی ہیں۔ اس کے والد کی ایکسیڈنٹ کی وجہ سے ٹانگ ٹوٹ گئی تھی جبکہ اس کی والدہ بھی مریضہ ہے۔ تمام حالات کا مقابلہ کرنے کے لئے ماریہ توحید نے ہمت نہ ہاری اور اپنے بیمار والد کے ساتھ مل کر شہر کے مشہور ونیکے چوک میں چائے کا سٹال لگا لیا اور دن بھر اپنے والد کے ہمراہ چائے بنانے اور برتن دھونے میں مصروف نظر آتی ہے۔ ماریہ توحید صبح سویرے اپنے موٹر سائیکل پر مختلف دیہات سے دودھ اکٹھا کرنے کے بعد مختلف گھروں میں دودھ سپلائی کر کے بعد ازاں وہ چائے کے سٹال پر اپنے والد کے ساتھ چائے فروخت کرتی ہے۔ ماریہ دودھ لانے کے ساتھ ساتھ اپنی بہنوں کو بھی تعلیم کے حصول کے لئے موٹر سائیکل پر بیٹھا کر ان کو سکولوں میں چھوڑتی ہے۔ ماریہ کا کہنا ہے کہ اُسے اور اس کی بہنوں کو پڑھنے کا بہت شوق ہے، کاش ان کا کوئی بڑا بھائی ہوتا جو ان کا یہ شوق پورا کرتا لیکن وہ حالات سے گھبرانے والی نہیں، اس نے مطالبہ کیا کہ وزیراعلیٰ شہباز شریف اس کے اور اس کے بہن بھائیوں کے تعلیمی اخراجات پورے کرنے کے لئے مناسب اقدامات کریں۔