لاہور سمیت کئی شہروں میں بجلی‘ گیس کا شدید بحران صارفین سراپا احتجاج
لاہور + فیروز والا+ پنڈی بھٹیاں (نیوز رپورٹر+ نامہ نگاران) لاہور سمیت کئی شہروں میں بجلی اور گیس کا بحران شدت اختیار کر گیا جس پر عوام سراپا احتجاج بن گئے۔ تفصیلات کے مطابق لاہور میں اتوار والے روز تعمیر و مرمت کی غرض سے 57 فیڈرز بند رہے جس سے متاثرہ علاقوں میں صبح 8 بجے سے شام 6 بجے تک مسلسل بجلی بند رہی۔ واسا کے ٹیوب ویل بھی خاموش رہے جس کی وجہ سے مکینوں کو پانی کے حصول میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ لیسکو نے خسارے کا بہانہ بنا کر فورس لوڈ شیڈنگ شروع کر دی ہے جس پر صارفین نے شدید احتجاج کیا ہے جبکہ سوئی ناردرن لاہور ریجن نے گیس کی فراہمی کے لئے غریب اور امیر صارفین کے لئے علیحدہ فارمولا بنا لیا۔ لاہور کے پوش علاقوں میں گیس فراہم جبکہ گنجان اور کچی آبادیوں میں صارفین گیس سے محروم ہو گئے۔ اقبال ٹاﺅن، مسلم ٹاﺅن، اندرون لاہور، چوبرجی سمن آباد، بند روڈ، مصری شاہ سمیت دیگر علاقوں میں گیس دن کے وقت 4گھنٹے تک غائب رہی جبکہ باقی اوقات میں گیس کا پریشر کم رہا، صارفین نے سوئی ناردرن لاہور حکام کے رویے کے خلاف شدید احتجاج کیا۔ بلال گنج سب ڈویژن واپڈا کے علاقہ شاہ جہان روڈ پر غیراعلانیہ بجلی کی بندش پر شہری بلبلا اٹھے۔ علاقہ میں دو ہزار وارڈز کا پرانا ٹرانسفارمر لگا دیا گیا ہے جو کہ علاقہ میں بجلی پوری نہیں کر رہا۔ صبح آٹھ بجے سے رات گئے تک بجلی نہیں ہوتی۔ شاہدرہ، فیروز والا اور کوٹ عبدالمالک اور ملحقہ علاقوں میں گیس کی بندش کے بعد بجلی کی 14گھنٹے تک لوڈ شیڈنگ شروع کر دی گئی جس سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ پنڈی بھٹیاں اور گرد و نواح میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ اور گیس کے کم پریشر سے لوگوں کی مشکلات بڑھ گئیں ہیں۔ نماز فجر کے اوقات میں لوڈ شیڈنگ پر نمازیوں کو وضوکے لئے پانی کا حصول مشکل اور مساجد جانے میں اور عبادت کرنے میں دشواری کا سامنا ہے۔ قلعہ دیدار سنگھ اور گرد و نواح میں گذشتہ بائیس گھنٹے سے بجلی بند ہے۔ واپڈا والوں کے فون بند پڑے ہیں اور کوئی وجہ بھی نہیں بتا رہے۔ بجلی نہ ہونے کی وجہ سے ہسپتالوں میں آپریشن رک گئے ہیں۔