سقوط ڈھاکہ بنگالی عوام کا مینڈیٹ تسلیم نہ کرنے کے سبب ہوا: الطاف حسین
لاہور (خبر نگار) متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کہا ہے سقوط ڈھاکہ بنگالی عوام کے جائز مینڈیٹ کو تسلیم نہ کرنے کے سبب رونما ہوا، ملک پر قابض سٹیٹس کو کی حامی قوتوںنے ملک توڑنا گوارا کرلیا مگر بنگالی عوام کے جائز حق کو تسلیم نہیں کیا۔ سقوط ڈھاکہ کے موقع پر ایک بیان میں الطاف حسین نے کہا سٹیٹس کو کی حامی قوتیں ماضی کی غلطیوں سے سبق سیکھنے کے بجائے آج بھی عوامی مینڈیٹ پر شب خون مارنے پر تلی ہوئی ہیں اور جائز و حق بات سننے کیلئے بھی تیار نہیں۔ انہوں نے کہا حق تلفیوں اور ناانصافیوں کے سلسلے سانحات کو جنم دیتے ہیں اور سقوط ڈھاکہ کے اسباب میں بنگالی عوام کے ساتھ جاری محرومیوں، ناانصافیوں کے علاوہ انہیں تیسرے درجے کا شہری سمجھنا اور اپنے حقوق کی آواز اٹھانے پر انہیں غدار قرار دینا شامل ہے۔ انہوں نے کہا سقوط ڈھاکہ سے سبق حاصل کرنا ضروری ہے، ملک میں محروم ، مظلوم قومیتوں کو ان کے حقوق دیئے جائیں اور سب کے ساتھ مساوی سلوک کیا جائے۔