شام: مہاجر کیمپ ‘ مسجد پر بمباری ‘25 فلسطینی جاں بحق: باغیوں کا بیس پر قبضہ
بیروت ( نوائے وقت نیوز+ اے پی پی +آن لائن) شامی فوج کے جنگی طیاروں نے دارالحکومت دمشق میں فلسطینیوں کے ایک مہاجر کیمپ پر بمباری کی جس کے نتیجے میں 25 افراد جاں بحق اور بیسیوں ہوگئے دوسری جانب شامی باغیوں نے ملک کے دوسرے بڑے شہر حلب میں ایک انفینٹری بیس پر قبضے کا دعویٰ کیا ہے غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق شام کے سرکاری فوج کے جنگی طیاروں نے اتوار کو دارالحکومت دمشق میں واقع فلسطینی پناہ گزین کے یرموک کیمپ کو بمباری کا نشانہ بنایا رپورٹس کے مطابق بمباری کے نتیجے میں علاقے کی ایک مسجد میں پناہ لینے والے پچیس افراد جاں بحق ہوگئے واقعے کے بعد انٹرنیٹ پر جاری ایک ویڈیو میں بمباری کا نشانہ بننے والی مسجد کی سیڑھیوں پر ہر جگہ خون اور انسانی اعضاءبکھرے پڑے ہیں یاد رہے کہ دارالحکومت دمشق کے مشرق اورجنوب مغربی نواح تک پھیلے ہوئے فلسطینی پناہ گزینوں کے اس یرموک کیمپ میں ان پچاس ہزار فلسطینی شہریوں کی زیادہ تر تعداد رہائش پذیر ہے جو شام میں آباد ہیں علاوہ ازیں شامی حکومت کے خلاف برسرپیکار التوحید بریگیڈ نے جو حزب اختلاف کا سب سے بڑا گروپ ہے دعویٰ کیا ہے کہ اس کے جنگجوﺅں نے شمالی شہر میں فوج کے ایک انفینٹری بیس پر قبضہ کرلیا ہے۔