عدالتی فیصلے پیپلز پارٹی کیلئے جوش نہیں ہوش کے متقاضی ہیں: قیصر محمود
لاہور (پ ر) مسلم لیگ ن اوورسیز کے مرکزی سیکرٹری جنرل شیخ قیصر محمود نے کہا ہے کہ عدالتی فیصلے پیپلزپارٹی کے لئے جوش نہیں ہوش کے متقاضی ہیں۔ بڑھکیں اور ڈینگیں مارنے سے عدالتی فیصلے کی تحریر اور قومی مجرموں کی تقدیر نہیں بدلے گی۔ ضمنی الیکشن تو صرف ٹریلر تھا۔ آنیوالے عام انتخابات میں حکمران اتحاد کی شکست کا تیر کمان سے نکل گیا۔ ان کے پاس اپنے سیاسی موقف کے حق میں کوئی صاقت نہیں لہٰذا عدالتی فیصلے سے چشم پوشی نہ کریں۔ صدر مملکت کسی سیاسی پارٹی کا عہدیدار نہیں ہو سکتا۔ اگر عدالتی فیصلے کے حوالے سے پیپلز پارٹی نے مزید گڑ بڑ کی تو عوام اٹھ کھڑے ہونگے۔ آصف زرداری اور پرویز اشرف یاد رکھیں صدور اور وزرائے اعظم آتے جاتے رہتے ہیں‘ صرف آئین اور قانون کی حکمرانی پاکستان کو بچا سکتی ہے۔ پیپلزپارٹی کے پاس مزید غلطی کی گنجائش موجود نہیں ہے‘ ان کا ایک غلط قدم جمہوریت کی عمارت کو منہدم کر سکتا تھا۔