• news

32 ویں نیشنل گیمز کیلئے پنجاب حکومت کا فنڈز اور سٹیڈیم دینے سے انکار....صدر پنجاب اولمپک ایسوسی ایشن نے جیب سے ایک کروڑ روپے دیدیئے


لاہور (سپورٹس رپورٹر) 32ویں نیشنل گیمز کے لئے پنجاب حکومت کی جانب سے فنڈز مہیا نہ کرنے پر پنجاب اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر سید شاہد علی نے تاریخی کھیلوں کے انعقاد کے لئے اپنی جیب سے ایک کروڑ روپے دینے کا اعلان کر دیا۔ گیمز کے لئے بلائے گئے اجلاس کے بعد انہوں نے کہا کہ نیشنل گیمز کے بعد صدارت کو بھی خیرباد کہہ دوں گا۔ میں تنازعات میں نہیں پڑنا چاہتا۔ دریں اثناءپریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت تعاون کرے یا نہ کرے 32 ویں نیشنل گیمز مقررہ وقت پر 22 دسمبر کو ہی ہونگی۔ اس موقع پر ان کے ساتھ سیکرٹری پنجاب اولمپک ادریس حیدر خواجہ بھی موجود تھے۔ سید شاہد علی نے کہا کہ پنجاب حکومت نے نیشنل گیمز کے انعقاد کیلئے تعاون کرنے کی یقین دہانی کروا رکھی تھی لیکن گیمز شروع ہونے میں صرف چار دن رہ گئے اور اب تک کوئی تعاون نہیں کیا گیا بلکہ پنجاب سٹیڈیم دینے بھی انکار کر دیا گیا جس کے باعث ایتھلیٹکس کے مقابلے ٹریک کی بجائے گھاس پر کروائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ آرمی، ائرفورس اور نیوی سمیت تمام ڈیپارٹمنٹس اور صوبوں نے گیمز میں شرکت کی یقین دہانی کرائی، نیشنل گیمز کی افتتاحی تقریب 22دسمبر کو ریلوے سٹیڈیم گڑھی شاہو میں ہوگی اور وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کو مہمان خصوصی مدعو کیا گیا۔ سندھ اولمپک ایسوسی ایشن نے بھرپور تعاون کرتے ہوئے کھلاڑیوں کے سفری اور ٹی اے/ڈی اے کے تمام اخراجات خود برادشت کرنے کا اعلان کر دیا۔ سندھ اولمپک ایسوسی ایشن نے اپنے تین سو کھلاڑیوں پر مشتمل دستے کو بذریعہ ہوائی جہاز لاہور پہنچانے کا بندوبست کیا، سندھ کا دستہ 21 دسمبر کو دو مختلف پروازوں کے ذریعے لاہور پہنچے گا۔ دریں اثناءپاکستان نیوی نے 22 دسمبر سے شروع ہونے والی نیشنل گیمز میں بھرپور شرکت کا اعلان کیا۔ پنجاب اولمپک ایسوسی ایشن کے نام لکھے گئے خط میں کموڈور اکبر نقی نے کہا کہ نیوی کی مرد و خواتین ٹیموں نے تجربہ کار کوچز کی زیر نگرانی نیشنل گیمز کی بھرپور تیاریوں میں مصروف ہے۔

ای پیپر-دی نیشن