پی ایس او نے واجبات کی ادائیگی کیلئے وزارت خزانہ سے مدد مانگ لی
اسلام آباد (اے پی اے) پاور سیکٹر، پاکستان ائیرلائنز، ریلوے اور نیشنل لاجسٹک سیل، پاکستان سٹیٹ آئل (پی ایس او) کے 121 ارب روپے سے زائد کے نادہندہ نکلے ، پی ایس او نے واجبات کی ادائیگی کیلئے وزارت خزانہ سے مد د مانگ لی ہے۔ پی ایس او نے خبردارکیا ہے کہ اگر وزارت خزانہ کی جانب سے انہیں فوری طور پر رقم جاری نہ کی گئی تو ملک میں تیل کا بحران پیدا ہوسکتا ہے کیونکہ بین الاقوامی تیل سپلائزر کو پی ایس او نے 70ارب روپے سے زائد کی ادائیگی کرنی ہے۔ اگر ان سپلائزر کو فوری طور پر رقم ادا نہ کی گئی تو تیل کی درآمد میں تاخیر ہوسکتی ہے جس کی وجہ سے پورے ملک میں تیل کی فراہمی میں مشکلات پیدا ہوں گی۔ 14 دسمبر 2012ءکو پی ایس او کی جانب سے وزارت خزانہ کو لکھے گئے خط کے مطابق واپڈا نے پی ایس او کے 39 ارب اےک کروڑ 60 لاکھ روپے، حبکو نے 51 ارب 72 کروڑ 40 لاکھ روپے، کیپکو نے 5 ارب 50 کروڑ 60 لاکھ روپے، پی آئی اے نے ایک ارب 39 کروڑ 70 لاکھ روپے، او جی ڈی سی ایل نے 39 کروڑ 97لاکھ روپے، کراچی الیکٹر ک سپلائی کمپنی (کے ای ایس سی) نے 10 ارب 12کروڑ 10 لاکھ روپے، این ایل سی نے 46 کروڑ 10لاکھ روپے، آئی پی پی نے اےک ارب 14 کروڑ 60 لاکھ روپے جب کہ پاکستان ریلوے نے اےک ارب 19 کروڑ 50 لاکھ روپے ادا کرنے ہیں۔