طاقت کے زور پر زیادہ دیر تک کشمیریوں کو غلام نہیں رکھا جا سکتا:علامہ ریاض حسین
لاہور (خصوصی نامہ نگار) جماعت اہلسنّت پاکستان کے مرکزی ناظم اعلیٰ علامہ ریاض حسین شاہ نے کہا ہے کہ طاقت کے زور پر زیادہ دیر کشمیریوں کو غلام نہیں رکھا جا سکتا۔ مقبوضہ کشمیر دنیا کا سب سے بڑا جیل خانہ بن چکا ہے اور دنیا میں سب سے زیادہ انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں مقبوضہ کشمیر میں ہو رہی ہیں۔ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم پر اقوام متحدہ کی خاموشی افسوسناک ہے۔ عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں وسیع پیمانے پر ہونے والی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اہلسنّت آزاد کشمیر کے وفد سے گفتگوکرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو توڑنے اور بابری مسجد کو شہید کرنے والے ملک سے دوستی نہیں ہو سکتی۔ بھارت کو پسندیدہ ملک قرار دینا کشمیری شہداءکے خون سے غداری ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری حریت پسند دہشت گرد نہیں فریڈم فائٹر ہیں۔ بھارت مذاکرات کا ڈھونگ رچا کر مسئلہ کشمیر کو سرد خانے میں ڈالنے کی سازش کر رہا ہے۔ پاک بھارت مذاکرات میں کشمیری قیادت کو بھی شامل کرنا چاہئے۔ مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل ضروری ہے۔ حکومت نے مسئلہ کشمیر کو سردخانے میں ڈال دیا ہے اور پارلیمنٹ کی قومی کشمیر کمیٹی کی کارکردگی مایوس کن ہے۔ قائداعظمؒ پاکستان کو اسلامی فلاحی ریاست بنانا چاہتے تھے:ڈاکٹر راشدہ قریشی