الطاف حسین کو نوٹس: کراچی بار نے چیف جسٹس کے اعزاز میں عشائیہ ملتوی کردیا
کراچی (آن لائن) کراچی بار ایسوسی ایشن نے سپریم کورٹ کی جانب سے ایم کیو ایم کے رہنما الطاف حسین کو نوٹس جاری کئے جانے اور شہر کی کشیدہ صورتحال کے پیش نظر چیف جسٹس آف پاکستان افتخا ر محمد چو ہدر ی کو دیا جانے والا سالانہ عشائیہ ملتوی کردیا ۔ چیف جسٹس نے عشائیے سے خطاب کرنا تھا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق کراچی بار ایسوسی ایشن کے صدر محمود الحسن ، سیکرٹری بار ایسوسی ایشن اور دیگر عہدیداران کی جانب سے بیان جاری کیا گیا کہ کراچی کے موجودہ حالات کے باعث کراچی بار ایسوسی ایشن کے انتخابات جو کہ گزشتہ دنوں ہونے تھے وہ شیڈول میں تبدیلی کے بعد آج بدھ کو ہونگے لہذا وکلاءکے پاس اتنا وقت نہیں کہ وہ چیف جسٹس کو دیئے جانے والے سالانہ عشائیہ کی تیاری کرسکیں جس کے باعث چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کو دیا جانیوالا سالانہ عشائیہ منسوخ کردیا گیا ہے عشائیے کی اگلی تاریخ مناسب صورتحال دیکھ کر ہی طے کی جائے گی کراچی بار ایسوسی ایشن کا عشائیہ بائیس دسمبر کو ہونا تھا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ کراچی بار ایسوسی ایشن کی جانب سے چیف جسٹس کے اعزاز میں دیا جانے والا عشائیہ ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کو جاری کئے گئے نوٹس کے باعث ملتوی کیا گیا ہے۔