آئین کی معطلی‘ ججز کو نظربند کرنے پر پرویز مشرف کے وارنٹ گرفتاری جاری
اسلام آباد (وقائع نگار) سول جج اسلام آباد ویسٹ عباس شاہ نے آئین کی معطلی اور ججز کو نظر بند کرنے کے خلاف مقدمہ میں تفتیش کے لئے سابق صدر پرویز مشرف کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دئیے۔ تھانہ سیکرٹریٹ پولیس نے 2009ءمیں اسلم گھمن کی درخواست پر سابق صدر پرویز مشرف کے خلاف مقدمہ درج کیا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ پرویز مشرف نے آئین معطل اور ججز کو گھروں میں نظر بند کر کے غیر آئینی اقدام اٹھایا ہے لہٰذا ان کے خلاف مقدمہ درج کر کے قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔ وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کی درخواست تھانہ سیکرٹریٹ پولیس نے دی تھی۔ منگل کو سماعت کے موقع پر مقدمہ کے تفتیشی افسر نے عدالت میں موقف اپنایا کہ سابق صدر پرویز مشرف کی ملک میں غیر موجودگی کی وجہ سے مقدمہ کی تفتیش میں پیشرفت نہیں ہو سکی لہٰذا ان کے وارنٹ گرفتاری جاری کئے جائیں۔