ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی کل سے قطر میں شروع ہو گی
لاہور+دوحہ (سپورٹس رپورٹر+اے پی پی( ایشین مینز چیمپئنز ہاکی ٹرافی کے دوسرے ایڈیشن کا آغاز کل سے دوحہ، قطر میں ہو گا۔ ایونٹ میں ایشیا بھر سے ٹاپ چھہ ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کےلئے ایکشن میں دکھائی دیں گی جن میں پاکستان، بھارت، اومان، چین، ملائیشیا اور جاپان شامل ہیں۔ ایونٹ راﺅنڈ روبن سسٹم کے تحت کھیلا جائے گا اور ٹیموں کے درمیان فائنل سمیت مجموعی طور پر 18 میچ کھیلے جائیں گے۔ ابتدائی روز تین میچ کھیلے جائیں گے۔ پہلے میچ میں چین کی ٹیم اومان کے مدمقابل ہو گی، دوسرا میچ پاکستان اور جاپان کے درمیان کھیلا جائے گا، تیسرے میچ میں بھارتی ٹیم ملائیشیا کے آمنے سامنے ہو گی۔ فائنل میچ 27 دسمبر کو کھیلا جائے گا ۔ قومی ہاکی ٹیم کے کپتان محمد عمران نے کہا ہے کہ ٹیم ایشین چیمپیئنز ٹرافی میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرکے طلائی تمغہ جیتنے کی بھرپور کوشش کرے گی، چیمپئنز ٹرافی میں کانسی کا تمغہ جیتنے سے کھلاڑیوں کے حوصلے بلند ہیں اور وہ ملک کےلئے مزید فتوحات حاصل کرنے کےلئے بے تاب ہیں۔ ایونٹ کی تیاری کیلئے قومی کھلاڑیوں نے بھرپور محنت کی ہے اور کیمپ میں کھلاڑیوں نے اپنی کمزوریوں کو دور کیا ہے۔ چیمپیئنز ٹرافی میں ٹیم نے بھارت کے خلاف شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرکے کانسی کا تمغہ حاصل کیا جس کی وجہ سے قومی کھلاڑیوں کے حوصلے بلند ہیں۔