نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں بلیو ٹرف بچھانے کا کام جاری
لاہور (سپورٹس رپورٹر) دنیا کے سب سے بڑے نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں پاکستان کی پہلی بلےو ڈےسوٹرف بچھانے کا کام جاری ہے۔ ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی اور چیف آرگنائزر سپورٹس پنجاب رانا مشہود نے ڈی جی سپورٹس پنجاب عثمان انور کے ہمراہ نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں ہونے والے کام کا جائزہ لیا اور کام کی رفتار پر اطمینان کا اظہار کیا۔ میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے بتایا کہ ہاکی سٹیڈیم میں کام کو شفاف انداز میں مکمل کیا جا رہا ہے۔ اس سے پہلے جس کمپنی کے پاس یہ ٹھیکہ تھا وہ شاک پیڈز تبدیل نہیں کرنا چاہتی تھی لیکن اب اس سٹیڈیم میں نہ صرف شاک پیڈز بلکہ تمام میٹریل بھی نیا لگایا جا رہا ہے۔ اس سے قبل ٹرف کی تنصیب کےلئے سوالو انٹرنیشنل نامی کمپنی مکمل طور پر ناقص میٹریل استعمال کر رہی تھی اس لئے وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر مکمل چھان بین کے بعد سابقہ کمپنی کا کنٹریکٹ منسوخ کیا گیا۔ ڈی جی سپورٹس پنجاب عثمان انور نے کہا کہ ڈیسو کمپنی سے براہ راست ٹرف کو پہلے سے بھی کم ریٹ پر حاصل کی گئی ہے۔ پولی یورتھین شاک پیڈز کا استعمال کیا گیا ہے۔ دس سال کی گارنٹی بھی دی ہے۔کمپنی کا دعویٰ ہے کہ ٹرف بچھانے کا کام 26 دسمبر تک مکمل کر لیا جائے گا۔