پاکستان، بھارت سیریز: پاکستانی وزیراعظم کو مدعو کر نے کی درخواست
لاہور/نئی دہلی (نیوز ایجنسیاں) پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاکستان بھارت سیریز میں وزیراعظم راجہ پرویز اشرف کو بطور مہمان مدعو کرنے کی درخواست کر دی جبکہ سی سی آئی کے صدر این سری نواس نے پی سی بی کی اس درخواست کو بھارتی حکومت کے سامنے پیش کرنے کی یقین دہانی کرا دی ہے۔ ایک بھارتی ویب سائٹ کے دعویٰ کے مطابق پی سی بی نے بھارتی کرکٹ بورڈ سے درخواست کی کہ وزیراعظم پاکستان راجہ پرویز اشرف کو بطور مہمان مدعو کیا جائے بصورت دیگر پی سی بی خود انہیں مدعو کر لے گا۔ پی سی بی کے چیئرمین ذکا اشرف نے کرکٹ بورڈ کے صدر سری نواسن سے درخواست کی کہ 6جنوری 2013 ءکو آخری ون ڈے میں پاکستانی وزیراعظم کو مدعو کیا جائے۔ سری نواسن نے درخواست کو بھارتی حکومت کے سامنے پیش کرنے کی یقین دہانی کرادی ہے۔ ذرائع کے مطابق بھارت کی جانب سے میچز کیلئے جاری کردہ ٹکٹیں موصول نہیں ہوئی ہیں اگر ایک دو روز میں ٹکٹیں نہ ملیں تو شائقین ویزا اور دیگر ضروری مسائل حل نہ ہونے کی بنا پر بھارت جانے سے محروم ہو جائیں گے کیونکہ ویزے کے اجرا میں 10دن لگتے ہیں ۔