• news

پاکستان میں سکیورٹی کا کوئی مسئلہ نہیں: سری لنکا‘ بھارت‘ نیپال‘ افغانستان کی ڈیف کرکٹ ٹیمیں واپس چلی گئیں

لاہور (اے پی پی) لاہور میں ہونے والے دوسرے ڈیف ایشیا کر کٹ کپ میں شرکت کے بعد بیرون ممالک سے پاکستان آنے والی ٹیمیں منگل کو اپنے اپنے وطن کو روانہ ہو گئیں۔ ڈیف ایشیا کرکٹ فیڈریشن کے سی او ظہیرالدین نے بتایا کہ افغانستان اور سری لنکا کی ٹیمیں منگل کی صبح روانہ ہوئیں جبکہ بھارت کی ٹیم دس بجے پاک بھارت بس سروس سے اور نیپال کی ٹیم واہگہ بارڈ سے گیارہ بجے روانہ ہوئی۔ پاکستان آئی ہوئی ڈیف ٹیموںکے کھلاڑیوں نے پاکستان کو کھیل کےلئے محفوظ ملک قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں انہیں کسی قسم کے مسئلے کا سامنا نہیں کرنا پڑا، یہاں پر سیکورٹی کا کوئی ایشو نہیں ہے اور انٹرنیشنل میچز ہونے چاہئیں۔ بھارتی ٹیم کے کپتان فہیم الدین نے کہا کہ انہیں یہا ں آ کر بہت پیار ملا، پاکستان اور بھارت کے مابین ہر کھیل میں زیادہ سے زیادہ میچز ہونے چاہیے تاکہ دونوں ملکوں کے عوام ایک دوسرے کے قریب آئیں۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان میں ان کی ٹیم کو جب بھی کھیلنے کے لئے بلایا گیا وہ ضرور پاکستان آئے گی۔ واضح رہے کہ ڈیف ایشیا کپ پاکستان کی ٹیم نے سری لنکا کو فائنل میں ہرا کر جیتا تھا۔

ای پیپر-دی نیشن