پیپلز پارٹی کے ایم پی اے بھاگ نہیں رہے‘ بعض جگہ اختلاف رائے شدید ہے: راجہ ریاض
لاہور (خبرنگار) پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف راجہ ریاض نے کہا ہے وزیراعلی پنجاب آمروں سے بڑے آمر ہیں۔ ان کی نگاہ میں اسمبلی کی کوئی حیثیت نہیں۔ نہ وہ خود اسمبلی میں آتے ہیں اور نہ ہی انہوں نے پنجاب اسمبلی کی بلڈنگ کی تعمیر کی تکمیل کیلئے فنڈز جاری کئے جس کی وجہ سے یہ عمارت 5 سال میں بھی مکمل نہ ہو سکی جبکہ باقی منصوبوں کو جن پر اربوں روپے خرچ کئے گئے چنا گیا، ان پر دوگنا رقم خرچ کرکے 50 فیصد تک کمیشن کھایا گیا، پنجاب اسمبلی کے باہر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا وزیراعلی پنجاب ہمارے خوف سے اسمبلی میں نہیں آتے۔ انہوں نے کہا اپنے ارکان قومی وصوبائی اسمبلی کے درمیان اختلاف رائے کو ختم کرنے کی کوشش کررہے ہیں مگر بعض جگہ اختلاف رائے بہت شدید ہے۔ انہوں نے کہا پیپلز پارٹی کے ایم پی اے بھاگ نہیں رہے، یہ سب غلط پروپیگنڈا ہے۔ جاوید علاﺅ الدین 8 ماہ سے جا چکا تھا نشاط احمد خان ڈاہا آج بھی ہمارے ساتھ ہے مسئلہ یہ ہے وہ ہراج کے خلاف ہے۔ جمیل شاہ اور رانا بابر کے بھی اپنے ایم این اے سے اختلافات ہیں۔ انہوں نے کہا کوئی رکن اسمبلی بلیک میل نہیں کر رہا۔ انہوں نے یہ بھی کہا مزید ”ایک دو“ افراد بھی ”ناراض“ ہیں۔ اے پی پی کے مطابق انہوں نے کہا پنجاب اسمبلی کی کارکردگی صفر ہے، کمیشن ملنے والے منصوبے مہینوں میں مکمل ہو رہے ہیں جبکہ پنجاب اسمبلی کی عمارت پانچ سال گزرنے کے باوجود مکمل نہیں ہو سکی۔ پارٹی میں کسی نے بھی منظور وٹو پر عدم اعتماد کا اظہار نہیں کیا۔ این این آئی کے مطابق انہوں نے کہا پارلیمانی پارٹی میں کسی نے منظور وٹو پر عدم اعتماد کا اظہار نہیں کیا صرف ارکان نے تین، تین کروڑ روپے کے فنڈز کو انتہائی کم قرار دیتے ہوئے اس پر احتجاج کیا۔ ہمارے کسی بھی رکن اسمبلی کے پارٹی سے کوئی اختلافات نہیں جبکہ ان کے اپنے حلقوں میں ارکان قومی اسمبلی سے اختلافات ہیں اور ان میں شدت آ گئی ہے۔