الیکشن کے لئے پولنگ سکیم تبدیل، مزید 25 ہزار پولنگ سٹیشن بنیں گے
اسلام آباد (ثناءنیوز) انتخابات میں لوگوں کی سہولت اور سپریم کورٹ کے فیصلے پر عمل درآمد کیلئے الیکشن کمشن نے ملک بھر میں پولنگ سکیم تبدیل کر دی ہے۔ نئی سکیم کے تحت پولنگ سٹیشنزکی تعداد بڑھا کر ووٹرز کو سہولت فراہم کرنے کا اہتمام کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ نئی سکیم کے تحت ووٹروں کے لئے ہر دو کلو میٹر کے فاصلے میں پولنگ سٹیشن بنیں گے تاکہ رائے دہندگان گھر کے قریب ووٹ کا حق استعمال کر سکیں۔ سپریم کورٹ کی ہدایت پر پولنگ سٹیشنز کی تعداد میں 25 ہزار کا اضافہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور 65 ہزار سے 90 ہزار پولنگ سٹیشنز قائم کئے جائیں گے۔ ذرائع نے بتایا ہے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سے قومی اسمبلی کے دو حلقوں این اے 48 اور این اے 49 کیلئے نئی پولنگ سکیم تیار کر لی گئی ہے اور یہاں 159 پولنگ سٹیشنز کا اضافہ ہو جائے گا۔ ذرائع نے کہا کہ اسلام آباد، پنجاب، سندھ اور خیبر پی کے میں ہر دو کلومیٹر فاصلے پر پولنگ سٹیشن بنے گا جبکہ بلوچستان میں 10 کلومیٹر سے زائد فاصلے پر کوئی پولنگ سٹیشن نہیں ہو گا۔ دوسری طرف سپریم کورٹ کے حکم پر عملدرآمد کرتے ہوئے کراچی کے اڑسٹھ لاکھ رائے دہندگان کی تصدیق کا عمل شروع ہو گیا ہے جسے سترہ جنوری تک مکمل کرنے کے بعد ووٹرز کی حتمی فہرست شائع کی جائیگی۔ فوج توثیقی عمل کی نگرانی کرے گی۔